اقوام متحدہ ، جنرل اسمبلی نے بیرونی خلا ءمیں ہتھیاروں کی دوڑ سے بچنے کے لیے مزید عملی اقدامات کے حوالے سے مسودہ قرارداد کی منظوری دے دی

122
united nation

اقوام متحدہ۔2نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی کے امور سے متعلق فرسٹ کمیٹی نے بیرونی خلا میں ہتھیاروں کی دوڑ سے بچنے کے لیے مزید عملی اقدامات کے حوالے سے روس کی پیش کردہ قرارداد کے مسودے کی منظوری دے دی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق قرارداد کی حمایت میں 124 ، مخالفت میں 48ووٹ پڑے جبکہ 9رکن ریاستوں نے قرارداد پر رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ اب یہ قرارداد دسمبر میں ہونے والے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیے جانے کی توقع ہے ۔

مسودہ قراردد میں بیرونی خلا میں ہتھیاروں کی تنصیب، بیرونی خلا میں طاقت کے استعمال یا خطرے ،خلا سے زمین کے خلاف اور زمین سے خلا میں موجود سیٹلائٹس کو نشانہ بنانے سے ہمیشہ کے لیے بچنے کے لیے فوری اقدامات کی اہمیت پر زوردیا گیا۔ قرارداد میں تمام ریاستوں پر زور دیا گیا کہ وہ مذکرات کے ذریعے قانونی طور پر کثیر جہتی معاہدوں سےان اقدامات کو عمل جامہ پہنائیں۔

جنرل اسمبلی فرسٹ کمیٹی نے بیرونی خلا کی سرگرمیوں میں شفافیت اور اعتماد سازی کے اقدامات پر روس کی پیش کردہ قرارداد کے مسودے کی ووٹ کے بغیر منظوری دی ۔ قرارداد کے مسودے میں زور دیا گیا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو شفافیت کے اقدامات کے عملی نفاذ بارے رکن ممالک کی آرا اور تجاویز دریافت کرنا چاہیے جو خلا میں شفافیت اور اعتماد سازی کے اقدامات پر حکومتی ماہرین کے گروپ کی 2013 کی رپورٹ میں شامل ہیں۔