قیمتوں کے حساس اشاریہ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.41 فیصدکی نمو ، کوکنگ آئل اورآٹے کی قیمت میں کمی

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):ملک میں قیمتوں کے حساس اشاریہ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ہفتہ واربنیادوں پر0.41 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔گزشتہ ہفتہ کے دوران ملک میں چکن ، دال مسور ، ایل پی جی ، دال چنا ، بناسپتی گھی، دال ماش ، کوکنگ آئل اورآٹے کی قیمت میں کمی ریکارڈکی گئی۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری رپورٹ کے مطابق 3 نومبر2022 کوختم ہونے والے …

اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):ملک میں قیمتوں کے حساس اشاریہ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ہفتہ واربنیادوں پر0.41 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔گزشتہ ہفتہ کے دوران ملک میں چکن ، دال مسور ، ایل پی جی ، دال چنا ، بناسپتی گھی، دال ماش ، کوکنگ آئل اورآٹے کی قیمت میں کمی ریکارڈکی گئی۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری رپورٹ کے مطابق 3 نومبر2022 کوختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کاحساس اشاریہ 214.88 پوائنٹس ریکارڈکیاگیا جو27 اکتوبر2022 کوختم ہونے والے ہفتہ میں 213.74 پوائنٹس تھا۔

ہفتہ رفتہ میں ملک میں روزمرہ استعمال کی 9 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 21 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 21 کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔گزشتہ ہفتہ کے دوران ملک میں چکن کی قیمت میں 3.77 فیصد، دال مسور2.55 فیصد، ایل پی جی 1.75 فیصد، دال چنا 1.08 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی 0.17 فیصد، دال ماش 0.16 فیصد، ڈھائی کلوبناسپتی گھی 0.09 فیصد، کوکنگ آئل 0.08 فیصد اورآٹے کی قیمت میں 0.07 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی

اس کے برعکس ٹماٹرکی قیمت میں 15.97 فیصد، پیاز9.38 فیصد، کیلا 3.77 فیصد، آلو2.88 فیصد، نمک 2.58 فیصد اورماچس کی قیمت میں 1.34 فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیا۔سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.90 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے، 17733 روپے سے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر29517 روپے، 29518 روپے سے لیکر44175 اور اس سے زیادہ ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.82 فیصد، 0.68 فیصد، 0.59 فیصد اور0.41 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیاد پرکیاجاتاہے۔