پوری ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تمام تر توجہ فائنل پر مرکوز ہے، بابراعظم

105

سڈنی ۔9نومبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں پاور پلے کا درست استعمال کیا، ہماری تمام تر توجہ فائنل پر مرکوز ہے۔ بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل میں فتح کے بعد بات کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ قومی ٹیم نے گزشتہ تین میچوں میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ ہمارے بائولرز نے ایک مرتبہ اچھی کارکردگی دکھائی۔

بابراعظم نے کہا کہ ہمارا یہی پلان تھا کہ پاور پلے میں جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے تو بعد میں آنے والے بیٹرز کے لئے آسان ہوگی، نوجوان کرکٹر محمد حارث جارحانہ مزاج بیٹر ہیں وہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میچ کے دوران ایسے لگا جیسے ہم ہوم گرائونڈ میں کھیل رہے ہیں۔