سعودی عرب، ’’ایکسپو حج 2023 ‘‘آئندہ ماہ جدہ میں ہو گی

283
سعودی عرب، ’’ایکسپو حج 2023 ‘‘آئندہ ماہ جدہ میں ہو گی

جدہ ۔9دسمبر (اے پی پی):سعودی وزارت حج وعمرہ کے زیر اہتمام آئندہ سال جنوری میں’ ’ایکسپوحج 2023 ‘‘کے عنوان سے کانفرنس اور نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔ سعودی اخبار کے مطابق جدہ میں ہونے والی ’ایکسپو حج 2023 ‘میں عازمین حج کی آمد کے حوالے سے مختلف مراحل متعارف کرائے جائیں گے۔

حج کانفرنس میں فیصلہ ساز ادارے منفرد افکار کے حامل سرمایہ کار اورسکالرز شرکت کریں گے ۔ شرکا حج و عمرہ کے سفری مراحل کو مزید آسان بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں گے۔اس موقع پرمقدس شہروں میں دینی اور تاریخی مقامات پر زائرین کو لے جانے کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات پرغور کیا جائے گا۔

ایکسپو حج میں عمرہ اور حج کے حوالے سے فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار بلند کرنے کے لیے متعدد پروگرام اورتجاویز پیش کی جائیں گی۔

کانفرنس میں ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی، جن میں وزارت حج وعمرہ کی ان سرگرمیوں پر بحث کی جائے گی جو زائرین کے لیے انجام دی جا رہی ہیں۔

وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جو کانفرنس میں شرکت کے خواہشمند افراد اور ادارے اپنے ناموں کا اندارج وزارت کی ویب سائٹ پرموجود پورٹل کے ذریعے کروا لیں۔