عمران خان چارحکومتیں لےکربیٹھےہیں اورکہتےہیں میں بےبس ہوں،یہ ایک ہی آدمی ہےجوبائیس کروڑعوام کامجرم ہےجس نےمعاشی تباہی کی،ملک میں مہنگائی اوربےروزگاری کامجرم یہی شخص ہے،مریم اورنگزیب

235

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان چار حکومتیں لے کر بیٹھے ہیں اور کہتے ہیں میں بے بس ہوں، عمران خان کے جھوٹوں پر اعتبار کرنے والے لوگوں کو سمجھنا چاہئے کہ یہ بہروپیا ہے جو جھوٹ بولتا ہے اور اپنی کہی ہوئی بات سے مکر جاتا ہے، یہ ایک ہی آدمی ہے جو بائیس کروڑ عوام کا مجرم ہے جس نے معاشی تباہی کی، یہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کرنے کا مجرم ہے، اسی ایک ہی آدمی نے ملک پر بھاری قرضوں کا بوجھ ڈالا، ملک میں اخلاقیات کا جنازہ نکالا، نوجوانوں کو بے روزگار کیا، بجلی اور گیس کو مہنگا اور غائب کیا، عمران خان کو پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کو جواب دینا پڑے گا۔

جمعرات کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان آج وہی نوٹنکی، جھوٹ، لفظوں کا ہیر پھیر لے کر ٹی وی سکرین پر نمودار ہوئے، یہ شخص دو جھنڈے رکھ کر جھوٹ بولتا ہے اور ایک ہی بات دوہراتا ہے جس کے اب کوئی معنی نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ آج عوام بھی عمران خان کو ٹی وی سکرین پر دیکھ کر حیران رہ گئے کیونکہ اس شخص نے جمعہ کو اسمبلی توڑنے کا وعدہ کیا تھا اور اب کل پھر جمعہ ہے اور عوام توقع کر رہی تھی کہ عمران خان کل جمعہ کو نمودار ہو کر اسمبلی توڑیں گے لیکن یہ ٹی وی پر آ کر اپنی بے بسی کا اعلان کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ شخص ہے جو چار سال ملک پر مسلط رہا، وزیراعظم کی کرسی اور منصب پر براجمان رہا اور چار سال بعد کہہ رہا ہے کہ میں بے بس تھا اور بے بس ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک ہی گردان دوہرا رکھی ہے کہ ایک ہی آدمی تھا جس نے میری حکومت بدلی، رجیم چینج کی بات اب امریکہ سے ایک آدمی پر آ گئیہے، یہ پہلے کہا کرتے تھے کہ امریکہ نے رجیم چینج کی اور آج کہہ رہے ہیں کہ ایک آدمی نے میری حکومت بدلی، رجیم چینج کی، مجھے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ بالکل ٹھیک کہہ رہے ہیں کہ وہ ایک ہی آدمی ہے جس کا نام عمران خان ہے جس نے اس ملک کا بیڑہ غرق کیا،

وہ ایک ہی آدمی ہے جس نے اس ملک کے غریب عوام سے روٹی چھینی، ملک کی معیشت کو تباہ کیا، کشمیر کا سودا کیا، ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبایا، ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، ملک میں مافیاز کو مسلط کر کے چوری اور ڈاکے ڈالے۔ یہی وہ شخص ہے جس نے اس ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کیا، ملک کے نوجوانوں کو بے روزگار کیا، ملک کی خواتین، مائوں، بیٹیوں، بچیوں کو رمضان کے مہینے میں ایک کلو چینی کے لئے قطاروں میں کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھائیں، کسانوں کا جینا دوبھر کیا، میڈیا کی زبان بندی کی، میڈیا کے لوگوں کو جیلوں میں ڈال کر میسیج دیا کہ ان کے خلاف بولیں گے تو پیٹ میں گولیاں ماریں گے، انہوں نے صحافیوں کی پسلیاں اور ناک کی ہڈیاں توڑیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان وہ شخض ہے جس نے اس ملک کی اخلاقیات کا جنازہ نکالا، نوجوانوں کے اندر عدم برداشت کا کلچر پیدا کیا، اسی کی وجہ سے کھیلوں کے میدان بھی آباد نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 90 دن میں کرپشن ختم کرنے اور سو دن میں معیشت درست کرنے کے جھوٹے وعدے کئے لیکن انہوں نے اپنے دور میں ساٹھ لاکھ لوگوں کو بے روزگار کیا، وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر کہا کرتا تھا کہ چالیس فیصد آبادی کے دماغوں کو ٹھیک کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ شخص ہے جس نے خواتین پر حملے کئے، صحافیوں پر حملے کئے، شہداءکے خلاف غلیظ مہم چلائی اور آج کہتے ہیں کہ میں بے بس تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس آزاد کشمیر، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کی حکومتیں ہیں اور پھر بھی بے بس ہیں،

یہ اپنی چار سال کی بے بسی کی داستان سناتے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں ملک نہیں چلا رہا تھا، سارا کام ایک ہی آدمی کر رہا تھا، ان کی بے بسی بڑی لاجواب ہے، کیا وہ اس وقت بھی بے بس تھے جب بشریٰ بی بی کو تین قیراط کا نہیں پانچ قیراط کا ہیرہ چاہئے تھا، توشہ خانہ لوٹ رہے تھے، 190 ارب روپے کا لفافہ جب کابینہ میں آیا تھا تو اس وقت بے بس نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جب فرنس آئل اور پٹرول کے مافیاز اس ملک کو لوٹ رہے ہوتے ہیں تو تب آپ بے بس نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت ان کی ہے، میڈیکل بورڈ ان کا ہے جس نے کہا کہ عمران خان کو کوئی گولی نہیں لگی۔ ان کی اپنی فرانزک رپوٹ اور اپنا میڈیکل بورڈ یہ کہہ رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ پنجاب میں ہوا جہاں ان کی اپنی حکومت ہے جو ان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے کو پکڑ تک نہیں سکی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا میں مہنگائی اور دہشت گردی ہے وہاں نو سال سے آپ کی حکومت ہے۔ خیبر پختونخوا میں کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ، سی ٹی ڈی کرائے کے دو کمروں میں موجود ہے، یہ وہی سی ٹی ڈی ہے جو نواز شریف کی نیشنل سیکورٹی پالیسی اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس ملک سے دہشت گردی کی کمر توڑ کر گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اس لئے اٹھ رہی ہے کیونکہ وہاں کا وزیراعلیٰ زمان پارک کی غلامی اور نوکری کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی بے بسی فارن فنڈنگ میں کام نہیں آتی، فرح گوگی کی لوٹ مار کے آگے کام نہیں آتی، گھڑیاں چوری کر کے فروخت کرتے وقت کام نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اپنی مرضی کی بے بسی ہے جہاں بے بسی ڈالنی ہو وہاں بے بسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بہت بے بس تھے جنہوں نے طیبہ گل کو وزیراعظم ہائوس میں بند کیا، نیب کے چیئرمین کو ویڈیو دکھا کر جھوٹے کیسز بنوائے، شہزاد اکبر کو این سی اے بھیجا اور کہا کہ شہباز شریف کے خلاف کیسز بنوائو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مریم نواز کو ان کے والد کے سامنے گرفتار کروایا تب وہ بے بس نہیں تھے، مسلم لیگ (ن) کی ساری قیادت کو انہوں نے گرفتار کروایا اور ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے یہ عدالتوں سے التواءمانگتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ایک شخص کو پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کو جواب دینا پڑے گا، اس نے عوام سے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا اور ساٹھ لاکھ لوگوں کو بے روزگار کر دیا۔ ملک میں مہنگائی کو 16 فیصد تک پہنچایا، آج پاکستان کے اندر مہنگائی اور معاشی تباہی کے ذمہ دار عمران خان ہیں جنہوں نے آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر دستخط کئے تھے، اس وقت یہ بے بسی کہاں تھی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جن شرائط پر عمران خان نے دستخط کئے اس کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا، عمران خان نے ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 45 ہزار ارب روپے کے قرضے لئے، یہی وہ شخص ہے جس نے اس ملک کا بیڑہ غرق کیا، خارجہ پالیسی تباہ کی، کشمیر کا سودا کیا، اسے اپنے کالے کرتوتوں کا جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ میرے لوگوں کو بلایا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ پیسے لو اور میرے خلاف ووٹ دو، تو وہ آدمی کہاں تھے جس آڈیو لیک میں آپ کہہ رہے تھے کہ میں نے پانچ لوگوں کا بندوبست کرلیا ہے،

سیاسی منڈیاں کون لگا رہا تھا؟ یہ منڈیاں وہی شخص لگا رہا تھا جس کا نام عمران خان ہے، جو کہا کرتا تھا کہ سائفر سے کھیلو، جلسے میں کھڑے ہو کر سائفر پر سیاست کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپ کی بے بسی نہیں یہ آپ کے اعمال ہیں جو ہر روز سامنے آتے ہیں، آج آپ مایوسی کے عالم میں ذہنی مریضوں والی گفتگو کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام عمران خان کا چہرہ اچھی طرح جان چکے ہیں، یہی وہ شخص ہے جس نے بے بسی کا ڈرامہ اور ڈھونگ رچایا۔ انہیں یہ ڈرامے کرنے کی ضرورت نہیں، کل جمعہ ہے، جو اعلان آپ نے کر رکھا ہے، وہ وعدہ پورا کریں کیونکہ ملک لوٹتے وقت آپ خودمختار تھے۔ آپ کو پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کو جواب دینا پڑے گا۔