مکہ مکرمہ۔10جنوری (اے پی پی):خادم حرمین شریفین کے مشیر اور مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے کانفرنس و نمائش برائے حج وعمرہ ’’حج ایکسپو‘‘ کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح کر دیا جس کی میزبانی جدہ شہر کر رہا ہے۔ ایکسپو میں 57 سے زائد ممالک کے حج وفود کے سربراہان اور اعلیٰ حکام کے 81 ترجمان شرکت کررہے ہیں۔ وزیر حج اور عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے اس حوالے سے بتایا کہ دنیا کے تمام ممالک سے آنے والے ضیوف رحمان کی خدمت کرنا اولین ترجیح اور ایک مستند تاریخی عہد ہے اور یہ کہ خادم حرمین شریفین کی حکومت کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے جس پہ اسے فخر ہے کہ زائرین اپنی رسومات اطمینان اور آسانی سے ادا کر سکیں۔
ڈاکٹر ربیعہ نے حج اور عمرہ کے نظام میں ضوابط اور قانون سازی کے ذریعے حج اور عمرہ کرنے والوں کو فراہم کی جانے والی تمام خدمات اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے وزارت حج و عمرہ کی خواہش پر زور دیا۔ اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ اسلامی دنیا میں زائرین اور عمرہ ادا کرنے والوں کے امور کی نگرانی کرنے والے حکام کا جمع ہوجانا اور جلد ہی حج معاہدوں پر دستخط کردینا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ متعلقہ اتھارٹیز کے ساتھ مل کر عازمین حج اور عمرہ کرنے والوں کے لیے بہ آسانی بہترین خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فورم پہ متعدد اطراف کے ساتھ کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ اسی طرح تمام اسلامی ممالک کے ساتھ’’حج خدمات‘‘ کے 57 سے زائد معاہدوں پر دستخط کیے گئےجن میں عازمین کی تعداد، انٹری پلان، صحت اور طریقہ کار کی ہدایات شامل ہیں۔ ’’حج ایکسپو‘‘ میں شرکت کرنے والے ماہرین مکالمے کے سیشنز کے ذریعے حج کے سفر کو بہتر اور بھرپور بنانے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ ڈاکٹر ربیعہ حج ایکسپو کا مقصد ایک مربوط اور پائیدار نظام کی تعمیر ہے جو ماہرین کے خیالات اور نظریات سے استفادہ کرتے ہوئے حجاج کے تجربہ کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو۔