اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک نے حکومت پر زور دیا ہے کہ خام مال کی درآمد کے لیے زرمبادلہ کی دستیابی کے ساتھ باقاعدہ لیٹر آف کریڈٹ کھولنے کو فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ صنعتوں کا پہیہ تیزی سے چل سکے۔
منگل کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے ”فائونڈر“ گروپ کے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال پر غور کے لیے لاہور چیمبر کے 13 سابق سینئر صدور میاں محمد اشرف، شیخ محمد آصف، طارق حمید، میاں مظفر علی، بشیر بخش، میاں مصباح الرحمٰن، شہزاد علی ملک، الماس حیدر، فاروق افتخار، شاہد حسن شیخ، عبدالباسط اور طارق مصباح کو مدعو کیا گیا تھا تاکہ وہ فوری اقتصادی بحالی کے لیے قابل عمل حل تجویز کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار دونوں فائونڈر گروپ سے تعلق رکھنے والے لاہور چیمبر کے سابق صدر ہیں جو معیشت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور اسے مالی بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ افتخار علی ملک، جو فائونڈر گروپ کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ ہمیں صنعتی شعبے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے زرمبادلہ کی دستیابی کے ساتھ ایل سی کھولنے کا عمل بحال کرنے کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے تمام شرکاءکا کہنا تھا کہ متعدد ممالک نے سیلاب زدگان کی امداد اور جلد بحالی کے لیے پاکستان کو اربوں ڈالرز فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جو ان کے بقول زر ذخائر کو مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان یقین دہانیوں کی روشنی میں سٹیٹ بنک کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ سب سے زیادہ متاثرہ صنعتی شعبے کو سہولت فراہم کرے ورنہ اس سے وابستہ غریب مزدور بھی بری طرح متاثر ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سابق صدور نے مشترکہ طور پر وزیر اعظم اور وفاقی وزیر خزانہ سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال میں اپنا کردار ادا کریں اور صنعتی شعبے کو بڑھتے ہوئے بحران سے نجات دلائیں جو کہ قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم اور وفاقی وزیر خزانہ اس صورتحال میں مداخلت کرکے ان کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔