آسٹریلوی مسافر طیارے کی دوران پروازانجن میں خرابی کے بعد سڈنی ایئر پورٹ پر بحفاظت لینڈنگ

130

کینبرا۔18جنوری (اے پی پی): آسٹریلوی فضائی کمپنی قنطاس کی پرواز کیو ایف۔ 144 کو دوران پروز انجن کی خرابی کے باوجود سڈنی ایئر پورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق قنطاس کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ پرواز کیو ایف ۔ 144 نے آکلینڈ نیوزی لینڈ سے 145 مسافروں کو لے کر اڑان بھری جس نے انجن کی خرابی کے باعث سڈنی ایئر پورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی جہاں اب انجینئرز طیارے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

نیو سائوتھ ویلز ایمبولنس نے کہا کہ ہوائی جہاز نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان بحیرہ تسمان کے اوپر پرواز کرتے ہوئےمے ڈے کال کی ،جس کے بعد انہوں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کئے ۔ ترجمان نے بتایا کہ مے ڈے کال کے بعد پیرامیڈیکس کو بلایا گیا اور ایمبولینس خدمات کو ہوائی اڈے پر سٹینڈ بائی پر رکھا گیا تھا۔ بوئنگ 737-800 دو انجن والا طیارہ ہے، جو ایک انجن کی مدد سے بھی بحفاظت لینڈ کر سکتا ہے۔