انقرہ ،دمشق ۔6فروری (اے پی پی):ترکیہ اور شام میں زلزلے میں 7.8شدت کے زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 500 ہوگئی ۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق ترک نائب صدر نے کہا ہے کہ ملک میں زلزلے سے اب تک 284 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 2323 افراد زخمی ہیں۔ دوسری جانب شام کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک زلزلے سے 237 افراد جاں بحق اور 600 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ ترک حکومت نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے عالمی امداد کی اپیل بھی کی ہے۔
دونوں ممالک میں زلزلے کی شدید تباہی کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ واضح رہے زلزلے کے زوردار جھٹکوں سے ترکیہ کے کم از کم 10 ترک شہروں میں کئی عمارتیں گِر کر تباہ ہوگئی ہیں اور دونوں ممالک میں ملبے تلے پھنسے لوگوں کو ریسکیو کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ترک حکومت نے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موبائل فون استعمال نہ کریں تاکہ امدادی کارکنوں کو رابطوں میں مشکلات پیش نہ آئیں۔