وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے جرمنی کے دورے پر ہیں،ترجمان دفترخارجہ

340
پاکستان کا کرغز تاجک سرحد کی حد بندی کے معاہدے کا خیر مقدم

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 16 سے 20 فروری تک میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے جرمنی کے دورے پر ہیں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیر خارجہ سکیورٹی کانفرنس میں گول میز مباحثوں سمیت متعدد پروگراموں میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے ہم منصبوں اور کانفرنس میں شریک رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ جرمنی کے دورہ کے بعد لتھوانیا کے وزیر خارجہ کی دعوت پر سرکاری دورے پر لتھوانیا جائیں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 20 سے 21 فروری تک ولنیئس میں وزیر خارجہ گیبریلیس لینڈسبرگس کے ساتھ وسیع امور پر بات چیت کریں گے اور لتھوانیا کی پارلیمنٹ کے سپیکر سے ملاقات کریں گے۔

دونوں فریق دوطرفہ سیاسی مشاورت کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ اپنے دورے کے آخری مرحلے میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 21 سے 22 فروری تک ہنگری کا دورہ کریں گے اور ہنگری کے ہم منصب پیٹر سیجارٹو سے بات چیت کریں گے۔

بات چیت میں فریقین دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر غور و خوض کریں گے اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزرائے خارجہ دوطرفہ تعاون سے متعلق دو مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کریں گے جن میں سے ایک سفارتی اکیڈمیوں کے درمیان تعاون اور دوسرا دونوں ممالک کے درمیان کھیل اور تعلیم سے متعلق ہوگا۔