جاپان پاکستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر ہے،وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر ، پاک جاپان ساتویں مشترکہ حکومتی بزنس ڈائیلاگ کے منٹس پر دستخط

285

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):پاکستان اور جاپان کے درمیان ساتویں مشترکہ حکومتی بزنس ڈائیلاگ کے منٹس پر دستخط کر دیئے گئے۔وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا نے منٹس پر دستخط کیے۔منٹس پر دستخط کی تقریب وزارت تجارت اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ جاپان پاکستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر ہے، حالیہ سیلاب کے دوران مسلسل تعاون پر جاپان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

جاپانی سفیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔دونوں اطراف سے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ جوائنٹ بزنس ڈائیلاگ پاکستان اور جاپان کے درمیان ایک باقاعدہ سرکاری اور کاروباری سطح پر بات چیت ہے اورمکالمے کا ساتواں اجلاس 29 ستمبر 2022 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔