سٹیٹ بینک آف پاکستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس کے اشتراک سے اسلامک بینکنگ پرسیمینار

168
State Bank

فیصل آباد۔20فروری (اے پی پی):سٹیٹ بینک آف پاکستان کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس اورڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرزگورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آبادکے اشتراک سے اسلامک بینکنگ پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیاگیاجس میں عمران یوسف شیخ ہیڈ آف اسلامک بینکنگ فیصل بینک اور فرید خان سینئر جوائنٹ ڈائریکٹرسٹیٹ بینک آف پاکستان اسلامک بینکنگ ڈیپارٹمنٹ،محمدمنظور سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر، اسسٹنٹ چیف منیجرسٹیٹ بینک فیصل آبادسمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب میں اسلامک بینکنگ ڈیپارٹمنٹ کے ماہرمحمدمنظورنے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ مقررین نے ایک عام اسلامی بینک کے ضروری کاموں اور طریقہ کار کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک افسانہ ہے کہ دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے اور ہمیں علمی شواہد کے ساتھ اس افسانے کی تردید کرنی چاہیے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اسلامی مالیاتی لین دین کے نظام کو ہمارے تعلیمی پروگراموں کے نصاب میں شامل اور متعارف کرانا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان میں اسلامی بینکوں کی نگرانی کے ریگولیٹری معیارات اور اس کے نظام کو وضع کرنے کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے شعبہ اسلامی بینکاری کے کردار پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے شریعہ سکالرز اسلامی بینکوں کے طریقہ کار اور نظام کا بغور مشاہدہ کرتے ہیں تاکہ صارفین کیساتھ کسی قسم کی بدتمیزی نہ ہو۔ ڈاکٹر اسما عزیزڈی ایس اے نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ سیمینار میں بی ایس اسلامک بینکنگ کی طالبات نے بھی بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ آخر میں ہیومینٹیزڈیپارٹمنٹ کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رخسانہ بلوچ اور شعبہ اسلامک سٹڈیز کی انچارج پروفیسر شازیہ عدنان نے مقررین میں سووینئرز تقسیم کئے۔