اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی لہر اور دنیا کی بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ہندوتوا فاشسٹ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہادر کشمیری ہندوستانی غلامی کا طوق ہر قیمت پراتار پھینکیں گے۔ وہ پیر کو قائداعظم یونیورسٹی …
بہادر کشمیری ہندوستانی غلامی کا طوق ہر قیمت پراتار پھینکیں گے۔ مشعال ملک

مزید خبریں
اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی لہر اور دنیا کی بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ہندوتوا فاشسٹ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہادر کشمیری ہندوستانی غلامی کا طوق ہر قیمت پراتار پھینکیں گے۔ وہ پیر کو قائداعظم یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔ سیمینار سے آذربائیجان کے سفیر نے بھی خطاب کیا۔
مشعال ملک نے کہا کہ آذربائیجان کی طرف سے بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف کشمیر کی آزادی کی جنگ کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کے عوام اور حکومت نے ہمیشہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے لوگوں نے ہمیشہ اسی انداز میں جواب دیا اور آذربائیجان کے خلاف آرمینیائی مسلح افواج کی جارحیت اور خاص طور پر المناک نسل کشی کی شدید مذمت کی جو کہ آذربائیجان کے خلاف آرمینیائی قوم پرستوں کی نسل کشی کا خونی باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمینیائی افواج کی طرح فاشسٹ بھارتی افواج نے بھی اپنی وحشیانہ پولیس کے ساتھ اجتماعی قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا اور نہتے کشمیریوں کا بے دردی سے قتل عام کیا ہے، بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں کی زندگیوں کو جہنم بنا دیا ہے،بربریت اور غیر انسانی کارروائیوں کی تمام حدیں پار کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیدا ہونے والے انسانی بحران کے بارے میں نہ سخت رویہ اپنایا اور نہ ہی ہندوتوا حکومت کے خلاف کوئی کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے کشمیری لیڈروں ، خواتین اور بچوں کو بھی نہیں بخشا اور انہیں مظالم کا نشانہ بنایا جبکہ ہر اختلاف کرنے والی آوازوں کو خاموش کرنے کے لئے وادی میں خوف و ہراس پھیلانے کی غرض سے مذموم منصوبہ کے تحت کام کیا تاہم بربریت کی ایسی کوئی پالیسی کشمیریوں کوآگے بڑھنے سے نہیں روک سکی۔ انہوں نے مسلم دنیا بالخصوص او آئی سی پر زور دیا کہ وہ وادی کے عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا فعال کردار ادا کرے۔

اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ آذربائیجان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔سفیر نے کہا کہ آذربائیجان کی حکومت بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ وادی میں جاری مظالم اور دہشت گردی کی شدید مذمت کرتی ہے۔آذربائیجان کے سفیر نے کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی کو سووینئر پیش کیا گیا۔








