فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی کارروائیاں انسانیت کے خلاف جرم ہیں، او آئی سی

183
اسلامی تعاون تنظیم

جدہ ۔28فروری (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کےسیکرٹری جنرل حسین براہیم طحٰہ نے زوردے کر کہا ہے کہ نام نہاد اسرائیلی ریاست کو بے لگام چھوڑنے سے اسے فلسطینیوں کےخلاف جرائم پر قائم رہنے کا موقع دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ صیہونی ریاست کے جرائم پر خاموشی نے فلسطینیوں پر مظالم میں اضافہ کیا ہے۔ اسرائیل کے فلسطینیوں کے خلاف اقدامات انسانیت کے خلاف جرائم میں شامل ہیں۔انہوں نےحال ہی میں فلسطین کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی اور اس واقعے کی عالمی سطح پر آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیلی ریاست کے انسانیت کےخلاف جرائم پر اس کو کٹہرےمیں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون واضح اور ناقابل تقسیم ہے۔ اسرائیل اپنے جرائم اور خلاف ورزیوں پرہٹ دھرمی کے ساتھ قائم ہے۔ وہ عالمی برادری کی آنکھوں کے سامنے فلسطینی سرزمین میں اپنی نوآبادیاتی آباد کاری کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسرائیل کھلے عام بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے اور جنیوا کنونشنز اور اقوام متحدہ کی قرارداوں کو پامال کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ریاست کے جرائم پرعالمی خاموشی صیہونی ریاست کی جرائم کےتسلسل میں اس کی حوصلہ افزائی کررہی ہے جبکہ فلسطینیوں کو کسی قسم کا تحفظ فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ کارروائیاں اسرائیلی فوج کے نہ ختم ہونے والے جرائم کا تسلسل ہیں۔