اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد رانا مجاہد رحیم نے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 29 مارچ کو پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا ۔ پیر کو عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت کی ۔دوران سماعت آج بھی عمران خان عدالت میں …
خاتون جج کو دھمکی کے کیس میں عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، 29 مارچ کو پیش کرنے کا حکم جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد رانا مجاہد رحیم نے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 29 مارچ کو پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا ۔
پیر کو عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت کی ۔دوران سماعت آج بھی عمران خان عدالت میں پیش نہ ہوئے اور سکیورٹی خدشات پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے خارج کردیا اور عمران خان کو 29 مارچ تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔دوران سماعت عمران خان کے وکلا کی جانب سے بریت کی درخواست بھی کی گئی جس پر عدالت نے دلائل کےلیے آئندہ سماعت پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔
دوران سماعت سول جج رانامجاہد رحیم کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالتی اوقات میں نہ آئے تو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کروں گا، عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا۔وقفےکے بعد سماعت شروع ہوئی تو سول جج رانامجاہد رحیم کا کہنا تھا عدالت نے عمران خان کو فرد جرم کی کارروائی آگے بڑھانے کے لیے طلب کیا ہے، ابھی انہیں مقدمے کی کاپیاں فراہم کرنی ہیں، عمران خان کی آج حاضری سے استثناکی درخواست خارج کر رہا ہوں۔
وکیل صفائی انتظار پنجوتھہ کا کہنا تھا کہ عمران خان سابق وزیراعظم ہیں،وزیرآباد میں ان پر قاتلانہ حملہ ہوا، ابھی تک عمران خان مکمل صحت یاب بھی نہیں ہوئے، عمران خان کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کی جائے۔واضح رہے کہ عدالت نے عمران خان کو کیس کی کاپیاں دینےکے لیے آج طلب کیا تھا، عمران خان کا ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونا لازمی ہے، اس کے بعد ہی مقدمے کی کارروائی آگے بڑھائی جائےگی۔ خاتون جج کو دھمکانےکےکیس میں عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔








