آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر کی وجوہات سے متعلق بیان کا سیاق و سباق سے ہٹ کر حوالہ دیا جا رہا ہے، وزیرخزانہ

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 16 مارچ 2023 کو سینیٹ آف پاکستان کے فلور پر آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر کی وجوہات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں دیئے گئے ان کے بیان کاسیاق و سباق سے ہٹ کر حوالہ دیا جا رہا ہے۔ پیرکویہاں جاری بیان میں وزیرخزانہ نے کہاہے کہ پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کے حوالے سے …

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 16 مارچ 2023 کو سینیٹ آف پاکستان کے فلور پر آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر کی وجوہات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں دیئے گئے ان کے بیان کاسیاق و سباق سے ہٹ کر حوالہ دیا جا رہا ہے۔

پیرکویہاں جاری بیان میں وزیرخزانہ نے کہاہے کہ پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کے حوالے سے ایک ساتھی سینیٹر کے مخصوص سوال کے جواب میں انہوں نے جو تبصرہ کیا تھااس میں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کوخودمختار ملک ہونے کے ناطے اپنا جوہری پروگرام تیار کرنے کا پورا حق حاصل ہے، کیونکہ کسی بیرونی ڈکٹیشن یعنی ہدایت کے بغیریہ ہمارے قومی مفادات کے مطابق ہے،، جس کو کسی بھی ذریعہ یاطریقہ سے کسی بھی طرح سے آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ اس ضمن میں وضاحت کی جاتی ہے کہ نہ تو آئی ایم ایف اور نہ ہی کسی دوسرے ملک نے ہماری جوہری صلاحیت کے حوالے سے کوئی شرط عائد کی ہے اور نہ ہی پاکستان سے کوئی مطالبہ کیا ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے میں تاخیر خالصتاً تکنیکی وجوہات کی بناء پر ہے، جس کی وجہ سے ہم آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اسے جلد از جلدحتمی شکل دی جا سکے۔