آٹزم کے شکار افراد کی مدد اور معاشرے میں ان کے کردار کی حوصلہ افزائی کی جائے،اقوام متحدہ

110

اقوام متحدہ ۔3اپریل (اے پی پی):اقوام متحدہ نے آٹزم کےشکار افراد کی زیادہ سےزیادہ مدد کرنے اور معاشرے میں ان کے کردار کی حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے آٹزم کے عالمی آگاہی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں چاہیے کہ معاشرے میں اس مرض کے شکار افراد کی فعال اور متنوع شراکت کو پوری طرح تسلیم کریں اور ایسے تمام افراد کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور ان کے لئے مل کر کام کریں ۔

انہوں نے کہاکہ آٹزم کے شکار افراد کو معذور افراد کے حقوق کے کنونشن اور پائیدار ترقی کے 2030 ایجنڈے کے مطابق انہیں اپنے حقوق اور بنیادی آزادی کے مکمل حصول کے لئے سماجی اور ماحولیاتی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمیں جامع تعلیم، مساوی روزگار کے مواقع، خود ارادیت اور ایک ایسے ماحول کو فروغ د ینا چاہیے جہاں ہر شخص کا احترام کیا جائے، اس حوالے سے ہمیں آٹزم کے شکار افراد کے ساتھ ان کے خاندانوں ، ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کی کوششوں اور آٹزم سے منسلک معاون نیٹ ورکس کے کردار کو بھی تسلیم کرنا چاہیے۔