صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت خصوصی افراد کی سہولت کے حوالے سے اجلاس،خصوصی طلباء کی تعلیمی ضروریات کو مؤثر انداز سے پورا کرنے کیلئے نصاب تیار کرنے کی ضرورت پر زور

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی طلباء کی تعلیمی ضروریات کو مؤثر انداز سے پورا کرنے کیلئے نصاب تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نصاب میں خصوصی افراد کی جانب معاشرے کے رویے بدلنے پر توجہ دینی چاہئے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں ایوان صدر …

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی طلباء کی تعلیمی ضروریات کو مؤثر انداز سے پورا کرنے کیلئے نصاب تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نصاب میں خصوصی افراد کی جانب معاشرے کے رویے بدلنے پر توجہ دینی چاہئے۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں خصوصی افراد کی سہولت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹس کے سیکرٹریز اور مختلف حکومتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی طلباء کی تعلیمی ضروریات کو مؤثر انداز سے پورا کرنے کیلئے نصاب تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ نصاب میں خصوصی افراد کی جانب معاشرے کے رویے بدلنے پر توجہ دینی چاہئے ، خصوصی افراد کو روزمرہ زندگی میں منفی رویوں ، امتیازی سلوک سمیت مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خصوصی افراد کو مالی طور پر بااختیار بنانےکیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ملازمت کے کوٹے کو فوری طور پر پُر کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر کو اجلاس میں خصوصی افراد کیلئے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ صدر مملکت کو بریفنگ میں اس بات سے آگاہ کیا گیا کہ وزارت تعلیم خصوصی افراد کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مئی میں 120 اساتذہ پر مشتمل تربیتی پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز کرے گی، سندھ حکومت نے خصوصی افراد کیلئے جامع تعلیم کے فروغ کیلئے ڈویژنل سطح پر اساتذہ کے چھ تربیتی پروگرام مکمل کیے ہیں۔ صدر مملکت نے خصوصی بچوں کیلئے وفاقی اور سندھ حکومت کے اساتذہ تربیتی پروگراموں کو سراہا۔ اس موقع پر چیئرمین نادرا نے خصوصی افراد کی سہولت کیلئے کیے گئے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ خصوصی افراد کو مفت خصوصی شناختی کارڈ فراہم کیے جارہے ہیں، نادرا کی ٹیمیں خصوصی افراد کی رجسٹریشن کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں رہائش گاہوں کا دورہ کررہی ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ خصوصی افراد کی رجسٹریشن سروس کو لاہور اور کراچی تک بھی بڑھایا جائے گا، نادرا نے اپنے ملازمین کو خصوصی افراد کو بہتر طریقے سے خدمات فراہم کرنے کیلئے 42 آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا ہے جبکہ خصوصی افراد کی سہولت کیلئے نادرا ہیلپ لائن میں ایک علیحدہ فیچر شامل کیا جارہا ہے۔ صدر مملکت کو بتایا گیا کہ وزارت انسانی حقوق اور نیوٹک نے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ساتھ اجلاس کیے ہیں جن کا مقصد خصوصی افراد کیلئے ہنر کے سیٹ ڈیزائن کرنا ہے۔

اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے ہنر/پیشوں کی ایک متحرک ماسٹر لسٹ بھی تیار کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی افراد کو پیش کی جانے والی سہولیات اور فوائد کی فہرست تیار کی جانی چاہئے۔ اجلاس کو صوبائی حکومتوں کی جانب سے خصوصی افراد کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔