معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت، سرکاری اداروں میں موجود معلومات تک رسائی کو آسان بنانے کیلئے اداروں کے پبلک انفارمیشن آفیسرز (پی آئی اوز) کیلئے ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا ،جس میں دو مراحل میں 40 سے زائد سرکاری اداروں کے پبلک انفارمیشن آفیسرز کو خیبر پختونخوا آر ٹی آئی ایکٹ سے متعلق آگاہی دی گئی
خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن:40 سے زائد پبلک انفارمیشن آفیسرز کو آر ٹی آئی ایکٹ پر ٹریننگ دی گئی

مزید خبریں
پشاور۔ 04 نومبر (اے پی پی):معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت، سرکاری اداروں میں موجود معلومات تک رسائی کو آسان بنانے کیلئے اداروں کے پبلک انفارمیشن آفیسرز (پی آئی اوز) کیلئے ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا ،جس میں دو مراحل میں 40 سے زائد سرکاری اداروں کے پبلک انفارمیشن آفیسرز کو خیبر پختونخوا آر ٹی آئی ایکٹ سے متعلق آگاہی دی گئی۔
خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کمیونیکیشن سید سعادت جہان نے شرکاء کو آر ٹی آئی ایکٹ کے اہم دفعات، صوبے میں اس قانون کے موجودہ نفاذ کی صورتحال اور شہریوں کو معلومات تک رسائی کو یقینی بنانے میں پبلک انفارمیشن افسران کی ذمہ داریوں پر ایک جامع لیکچر دیا جبکہ خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن کے ڈپٹی رجسٹرار ناظم شہاب قمر نے ایکٹ کے تحت مستثنیٰ معلومات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاء کو نہ صرف ایکٹ کے تحت درخواستوں کو مقررہ قانونی مدت کے اندر نمٹانے کے طریقہ کار سے متعلق رہنمائی فراہم کی بلکہ ایکٹ کے سیکشن 4 اور 5 کے تحت معلومات کی دیکھ بال اور متعلقہ ویب سائٹس پر پہلے سے ہی افشان کرنے پر زور دیا۔ ٹریننگ میں خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن کے چیف انفارمیشن کمشنر سید نذر حسین شاہ اور انفارمیشن کمشنر ارشد احمد نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
انفارمیشن کمشنر ارشد احمد نے افسران کے سوالات کے جواب دیئےاور معلومات کی فراہمی میں مشکلات، ہچکچاہٹ یا اداروں کی جانب سے عدم تعاون کی صورت میں کمیشن سے رہنمائی لینے کی ہدایت کی اور اس ضمن میں کمیشن کے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ٹریننگ کے اختتامی کلمات میں چیف انفارمیشن کمشنر سید نذر حسین شاہ نے افسران کی دلچسپی اور فعال شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ آر ٹی ایکٹ کے حقیقی روح کے مطابق مؤثر نفاذ میں پبلک انفارمیشن افسران کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افسران شفافیت ، جوابدہی اور شہریوں کو بروقت معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور عزم کے ساتھ ادا کریں۔








