بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین کی زیر صدارت بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو 2026 کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس
بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین کی زیر صدارت بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو 2026 کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 04 نومبر (اے پی پی):بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی زیر صدارت بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو 2026 کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ بدھ کو منعقدہ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسرعبدالمنان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس میں ایکسپو کے مختلف انتظامی و تشہیری امور، شرکاء کی شرکت، کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے اور دیگر متعلقہ معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بلال خان کاکڑ نے کہا کہ 18 اور 19 نومبر کو منعقد ہونے والی بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو ( 2026 BITE) صوبے میں تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی نشاندہی اور معاشی ترقی کی نئی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی،
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبے کو ملکی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہیں جبکہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔بلال خان کاکڑ نے کہا کہ 2026 BITEمحض ایک نمائش نہیں بلکہ بلوچستان کے کاروباری و صنعتی امکانات کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگی۔
اس پلیٹ فارم کے ذریعے سرمایہ کاروں، صنعتکاروں، تاجروں، کاروباری شخصیات، متعلقہ سرکاری اداروں اور مختلف تجارتی تنظیموں کو ایک جگہ جمع ہونے کا موقع ملے گا، جہاں وہ باہمی روابط کو فروغ دینے، کاروباری شراکت داری کے نئے امکانات تلاش کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کر سکیں گے۔وائس چیئرمین نے کہا کہ بلوچستان کی معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے اور مقامی کاروباری طبقے کو قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
ایکسپو کے ذریعے صوبے میں تیار ہونے والی مصنوعات، مقامی کاروباری صلاحیتوں اور سرمایہ کاری کے قابل منصوبوں کو نمایاں کیا جائے گا، جس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔








