اٹلی کا نجی شعبہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے، سرمایہ کاری قونصلر محمد شہریار خان

177
صدر فیصل آباد چیمبر

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):اٹلی کے شہر میلان میں تعینات پاکستان کے سرمایہ کاری قونصلر محمد شہریار خان نے کہا ہے کہ اطالوی نجی شعبہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے کیونکہ وہ اسے ایک منافع بخش ملک سمجھتا ہے اور اٹلی تجارتی وفود کے متواتر تبادلوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔

اتوار کو یہاں پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنفیڈریشن آف اٹالین انڈسٹریز تقریباً 6 ہزار کمپنیوں پر مشتمل تنظیم ہے جو نجی شعبہ میں کام کر رہی ہے اور اپنی سرگرمیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ یہ کمپنیاں پاکستانی تاجروں کے ساتھ براہ راست ملاقاتوں کے ذریعے تعاون بڑھانے کی خواہاں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اٹلی سے ایک وفد ترتیب دے رہے ہیں جو پاکستان کا دورہ کرکے اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لیے براہ راست بات چیت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اطالوی ترقیاتی کمیٹی نے پاکستان میں اپنا دفتر کھول دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مزید اطالوی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے راغب کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں جو سی پیک اور اس سے منسلک منصوبوں میں چینی سرمایہ کاری کے بعد ایک منافع بخش مقام بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر آئی ڈی سی سے رابطہ کر کے ہر قسم کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور کاروباری تعاون پہلے سے جاری ہے لیکن دو طرفہ تجارت کا حجم ان کی موجودہ صلاحیت سے بہت کم ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اٹلی انجینئرنگ، متبادل توانائی، زرعی مصنوعات، لائیو سٹاک، ڈیری، پروسیسڈ فوڈ، چمڑے، ٹیکسٹائل، ماربل وغیرہ کے شعبوں میں خصوصی مہارت رکھتا ہے اس لیے ان شعبوں میں پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کی ضرورت ہے۔