گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز کے سی ای او شہزاد علی ملک کو چاول کی دو نئی بہترین اقسام تیار کرنے پر مبارکباد

645
پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کو سٹیک ہولڈر کے طور پراین ایس ڈی آر اے میں شامل کیا جائے، شہزاد علی ملک

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شہزاد علی ملک کو پرائیویٹ سیکٹر میں چاول کی دو نئی بہترین کوالٹی کی اقسام تیار کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ان سے ملک میں نقد آور فصل کی پیداوار بڑھانے ار غیر ملکی زرمبادلہ کے حصول میں مدد ملے گی جس کی ملک کو اشد ضرورت ہے۔

گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق شہزاد علی ملک سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ حکومت تمام فصلوں کے بیجوں کی نئی اقسام تیار کرنے کے لیے نجی شعبے کی بھر پور حوصلہ افزائی اور مکمل معاونت کرے گی کیونکہ زراعت ہماری قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے بیج روایتی بیجوں سے بہتر پیداوار میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اس لئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فصلوں کی بمپر پیداوار کے حصول کے لیے بہترین کوالٹی کے منظور شدہ بیجوں کے استعمال کے بارے میں کسانوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے انہوں نے اپنی سربراہی میں صوبائی سیڈ کمیٹی تشکیل دی ہے۔

سی ای او گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز نے مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے گورنر کو بتایا کہ پنجاب سیڈ کونسل نے تمام عمل کی مکمل کامیابی کے بعد ”اوپن پولینیٹڈ“ چاول کی اضافی لمبائی والی اقسام گارڈ 101 اور گارڈ 102 کی منظوری دی ہے جو بوائی کے 90 دنوں کے اندر 20 سے 25 فیصد زیادہ فی ایکڑ پیداوار کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی اقسام ملک کے لیے دو طرح سے فائدہ مند ہیں کیونکہ ان کی برآمد کی صلاحیت زیادہ ہے اور کم لاگت و زیادہ فی ایکڑ پیداوار کی وجہ سے کسانوں کے لیے پرکشش ہیں۔

شہزاد علی ملک نے کہا کہ ہم 1989 سے بغیر کسی حکومتی معاونت کے، نجی شعبے میں چین کے تعاون سے چاول کے بیجوں پر تحقیق میں مصروف ہیں۔ اور بہترین تین ہائی بریڈ رائس کی اقسام پہلے ہی ایجاد کر چکے پہیں انہوں نے کہا کہ ہم چاول کے ساتھ ساتھ کپاس اور گندم کے ہائبرڈ بیجوں پر بھی چینی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مل کر ریسرچ کر رہے ہیں اور ہمیں اس میں بھی بریک تھرو کی امید ہے۔