اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ عید الفطرکے اس بابرکت موقع پر ہمارے رمضان کے روزے اور عبادتیں قبول فرمائے، صدر مملکت

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےعید الفطر کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ عید الفطرکے اس بابرکت موقع پر رمضان المبارک کے ہمارے روزے اور عبادتیں قبول فرمائے۔ اللہ تعالی ملک پاکستان کو ترقی، خوشحالی ، امن اور استحکام عطا فرمائے۔ پاکستانی قوم کو …

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےعید الفطر کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ عید الفطرکے اس بابرکت موقع پر رمضان المبارک کے ہمارے روزے اور عبادتیں قبول فرمائے۔ اللہ تعالی ملک پاکستان کو ترقی، خوشحالی ، امن اور استحکام عطا فرمائے۔ پاکستانی قوم کو امن، عافیت اور فراوانی عطا فرما کر اس کے دکھوں اور تکلیفوں کا مداوا فرمائے۔

اللہ تعالی پورے عالم اسلام کو اقوام عالم کے سامنے سرخرو فرمائے۔ عیدالفطر کےموقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں اللہ تعالی کے حضور دعاگو ہوں کہ یہ عید ہمارے لیے امن وسلامتی اور خوشیوں کے ایام لائے اور ملکِ پاکستان کو ترقی ، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے۔ رمضان المبارک ہمارے اندر جہاں تقویٰ اور پرہیزگاری پیدا کرتا ہے وہیں پر دوسروں کی تکلیف، بھوک اور پریشانی کا احساس بھی پیدا کرتا ہے ۔ یہ احساس کسی بھی معاشرے سے غربت اور ناانصافی کے خاتمے کی بنیاد بن سکتا ہے۔

ہمیں چاہیے کہ ہم عید کے اس موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم تقویٰ ، پرہیزگاری اور احساس کے یہ جذبات اپنے ساتھ پورا سال لے کر چلیں گے ا ور معاشرے کو خوشحال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو مشکل سیاسی اور اقتصادی حالات کا سامنا ہے اور ہم سب اپنے ملک کیلئے درد محسوس کررہے ہیں۔ ان حالات میں ، میں پوری قوم کی توجہ معاف کرنے اور رحم فرمانے والے رب کے احکامات کی طرف دلانا چاہتا ہوں جو ہمیں معاف کرنے ، درگزر کرنے اور بخش دینے کا حکم دیتا ہے اور فرماتا ہے کہ ” بے شک اللہ بخشنے والا مہربان ہے "۔

اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتا ہے کہ وہ نیکی اور احسان کرنے والوں سے محبت فرماتا ہے ۔ بے شک قرآن ہمیشہ کیلئے ہے اور اس کے احکامات پاکستان کیلئے برمحل و باموقع ہیں۔ آج ، ہم لوگوں کو معاف کرنے کو تیار نہیں اور بھول گئے ہیں کہ قیامت کے دن ہم بے بس اور بے کس اللہ کے سامنے کھڑے ہوں گے اور اس سے معافی مانگ رہے ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں معافی اور درگزر سے کام لینے کی تلقین کرتا ہے اور فرماتا ہے کہ "کیا تمہیں یہ پسند نہیں کہ اللہ تمہاری خطائیں بخش دے ؟ اور اللہ بہت بخشنے والا ، بڑا مہربان ہے "۔

اسی طرح ، حضورﷺ نے بھی ہمیں دوسروں پر رحم کرنے اور معاف کرنے کی تلقین کی تا کہ ہم پررحم کیا جائے اور اللہ ہمیں معاف کردے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش موجودہ حالات سے نکلنے کیلئے پاکستان کو درگزر کرنے اور اللہ کے راستے اور سنت رسول ﷺ پر چلنے کی ضرورت ہے ۔ آج ، پاکستان کو مرحم اور درگزر کی ضرورت ہے۔ میں پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ گروہی، مذہبی اور سیاسی اختلافات کو لڑائی جھگڑے اور نفرت انگیزی کا ذریعہ نہ بننے دیں اور ملک کو سیاسی و معاشی استحکام کی جانب لے جانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔