وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے ٹیلیفونک رابطہ، عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد

324

لاہور۔23اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کو ٹیلی فون کر کے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی مملکت بحرین کے ساتھ تاریخی، باہمی احترام، مشترکہ عقیدے اور مشترکہ مفادات پر مبنی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کے وسیع امکانات کا خاص طور پر حوالہ دیا۔ بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لئے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔