وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی قیادت میں حکومت پاکستان نے گورننس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیٹا پر مبنی ڈیجیٹل تبدیلی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے ڈیٹا پر مبنی ڈیجیٹل تبدیلی کے اقدامات کا آغاز
اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی قیادت میں حکومت پاکستان نے گورننس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیٹا پر مبنی ڈیجیٹل تبدیلی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت قانون سازی اور مختلف جدید منصوبوں پر کام شروع کیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد حکومتی نظام کو عوام دوست، موثر اور جوابدہ بنانا ہے۔وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام سے جاری بیان کے مطابق وزارت آئی ٹی پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جدید اور بہتر طریقے اپنا رہی ہے۔
روایتی دفتری نظام کی جگہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ڈیٹا کے موثر ستعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ سرکاری امور کی انجام دہی میں شفافیت اور تیزی لائی جا سکے۔وزارت کے مطابق ڈیٹا پر مبنی طرزِ حکمرانی کم وسائل میں زیادہ اور بہتر نتائج دینے کے ساتھ ساتھ درست اور بروقت فیصلہ سازی میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈیٹا محض معلومات کا مجموعہ نہیں بلکہ جدت کے لیے خام مال کی حیثیت رکھتا ہے جسے بروئے کار لا کر عوامی خدمات کے معیار کو بلند کیا جا سکتا ہے۔








