سری لنکا کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ ریان وان نیکرک نے کہا ہے کہ پاکستانی باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کی جبکہ سری لنکن بیٹرز غیر ضروری شاٹس کھیل کر اپنی وکٹیں گنواتے رہے
پاکستانی باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کی جبکہ سری لنکن بیٹرز غیر ضروری شاٹس کھیل کر اپنی وکٹیں گنواتے رہے، ریان وان نیکرک

مزید خبریں
راولپنڈی۔17نومبر (اے پی پی):سری لنکا کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ ریان وان نیکرک نے کہا ہے کہ پاکستانی باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کی جبکہ سری لنکن بیٹرز غیر ضروری شاٹس کھیل کر اپنی وکٹیں گنواتے رہے، ٹیم کو بہتر کارکردگی کے لیے زیادہ صبر اور ذمہ داری سے کھیلنا ہو گا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد عباس نے نپی تلی باؤلنگ کر کے سری لنکن بیٹرز کو دباؤ میں رکھا جس سے دوسرے پاکستانی باؤلرز کو بھی وکٹیں حاصل کرنے کے مواقع ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوسال مینڈس نے وکٹ پر ٹھہر کر بیٹنگ کی اور دیگر بیٹرز کو بھی اسی انداز سے کھیلنے کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ابتدائی بیٹرز نے اچھی بیٹنگ کی اور اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا تاہم دن کے آخری حصے میں بابر اعظم کی وکٹ حاصل کرنا سری لنکا کے لیے اہم رہا۔
اب ٹیم کی حکمت عملی سیشن بہ سیشن کھیلنے اور وکٹیں حاصل کر کے میچ میں واپسی کی کوشش کرنے پر مرکوز ہو گی۔ ریان وان نیکرک نے کہا کہ پرابتھ جے سوریا نے اچھی باؤلنگ کی اور دوسرے اینڈ سے فاسٹ باؤلرز کو دباؤ برقرار رکھنے میں مدد دی۔ موجودہ پچ پہلے ٹیسٹ کی نسبت مختلف ہے اور اس پر گیند کبھی نیچی رہتی ہے تو کبھی بائونس ہوتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنک بال سے کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں روزانہ پورے اوورز کا کھیل ہونا چاہیے، 65 سے 75 اوورز کا کھیل ہونا ٹیسٹ کرکٹ کے لیے مناسب نہیں۔







