اشیائے خوراک کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران 20.4 فیصد اضافہ

ملک سے اشیائے خوراک کی برآمدات کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 20.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):ملک سے اشیائے خوراک کی برآمدات کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 20.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2026ء کے دوران اشیائے خوراک کی برآمدات سے ملک کو 1.825 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ریکارڈ کیے گئے 1.516 ارب ڈالر کے مقابلے میں 20.4 فیصد زیادہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026ء کے دوران اشیائے خوراک کی برآمدات کا حجم 493.25 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر 2026ء کے 495.80 ملین ڈالر کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر تقریبا 0.5 فیصد کم جبکہ گزشتہ سال اکتوبر کے 378.52 ملین ڈالر کے مقابلے میں سالانہ بنیادوں پر 30.3 فیصد زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ مالی سال 2026ء کے دوران اشیائے خوراک کی مجموعی برآمدات کا حجم 4.75 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران چاول کی برآمدات سے ملک کو 811.84 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 556.22 ملین ڈالر کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ ہے۔اسی طرح مچھلی اور مچھلی سے بنی مصنوعات کی برآمدات کا حجم 156.60 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 146.45 ملین ڈالر کے مقابلے میں 6.9 فیصد زیادہ ہے۔

دالوں کی برآمدات کا حجم جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 95.45 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 107.80 ملین ڈالر کے مقابلے میں 11.5 فیصد کم ہے۔اعداد و شمار کے مطابق سبزیوں کی برآمدات کا حجم بھی کم ہو کر 50.91 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 52.82 ملین ڈالر کے مقابلے میں 3.6 فیصد کم ہے تاہم گوشت اور گوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ان مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 182.70 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 154.11 ملین ڈالر کے مقابلے میں 18.6 فیصد زیادہ ہے۔

مزید خبریں