فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز مئی میں ایتھوپیاکے چیمبرز آف کامرس کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کرے گی

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری مئی میں ایتھوپیاکے چیمبرز آف کامرس اینڈ سیکٹرل ایسوسی ایشنز کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے معاہدوں پر دستخط کرے گی۔ اس عزم کا اظہار ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد سلیمان چاولہ نے اتوار کوپاکستان میں ایتھوپیاکے سفیر جمال بیکر عبد اللہ سے ملاقات کے …

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری مئی میں ایتھوپیاکے چیمبرز آف کامرس اینڈ سیکٹرل ایسوسی ایشنز کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے معاہدوں پر دستخط کرے گی۔

اس عزم کا اظہار ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد سلیمان چاولہ نے اتوار کوپاکستان میں ایتھوپیاکے سفیر جمال بیکر عبد اللہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ ایتھوپیاکے سفیر نے ایف پی سی سی آئی اور ایتھوپیا چیمبر آف کامرس اینڈ سیکٹرل ایسوسی ایشنز (ای سی سی ایس اے) کے درمیان مئی کے دوسرے ہفتے میں کراچی میں ہونے والے آئندہ ’’ایتھوپیا پاکستان بزنس فورم‘‘ کے دوران تجارتی معاہدوں پر دستخط کرنے کی تجویز پیش کی۔

  ایتھوپیاکے سفیرنے ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں کو اگلے ماہ کے دوران اپنے ملک سے اعلیٰ سطح کے عہدیداروں اور کاروباری وفود کی آمد کے بارے میں آگاہ کیا۔جمال بیکر نے کہا کہ معاہدوں پر دستخط ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گے جو ان کی معیشتوں کے مختلف شعبوں میں کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات رکھتے ہیں۔انہوں نے آئندہ مہینوں میں خاص طور پربڑے تجارتی وفد کے پاکستان کےحالیہ دورے کے پس منظر میں دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافے کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اتنی بڑی صلاحیت کے باوجود ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان کم تجارت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر برادری دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کی خواہشمند ہے کیونکہ ایتھوپیا کے متنوع اقتصادی شعبوں میں جاری ترقی نے انہیں دارالحکومت ادیس ابابا کے حالیہ دورہ کے دوران واقعی متاثر کیا ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد سلیمان چاولہ نے سفیر کو کراچی میں بزنس فورم کے انعقاد میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اس فورم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور شرکت کرے گا۔انہوں نے ایتھوپیا ایئرلائنز کےجلدآغاز میں کلیدی کردار ادا کرنے پر جمال بیکر کی کوششوں کو بھی سراہا جو دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام اور کاروبار سے کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔