پیپلز پارٹی نے محنت کشوں کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے مسلسل کام کیا، شیری رحمان

161

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے مزدوروں کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے مسلسل کام کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے پیر کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پرکہا کہ میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے تمام محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

کسی بھی ملک اور قوم کی زندگی مزدوروں کے ذریعے چلائی جاتی ہے، ہمارے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ہمارے محنت کش طبقے کا بہت بڑا کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا کاروبار محنت کشوں کی محنت سے چلتا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں کے حقوق کی جدوجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔شیری رحمان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور اور مقصد محنت کش طبقے کو وسائل سے مالا مال اور بااختیار بنانا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1972 کی لیبر پالیسی متعارف کروا کر ملک کے پسماندہ اور مظلوم مزدوروں کو آواز دی جس کے دیرپا اثرات مرتب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ حکومت نے اپنی صوبائی لیبر پالیسی تشکیل دی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ان کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے کئی لیبر قوانین متعارف کرائے ہیں۔

آئیے مزدوروں کے حقوق کے لئے ایک منصفانہ معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر مزدور کی قدر کی جائے اور اس کا احترام کیا جائے۔ شیری رحمان نے مزید کہا کہ انہیں مناسب معاوضہ اور کام کرنے کے محفوظ حالات فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے ایک ایسے معاشرے کی تشکیل پر زور دیا جہاں ہر مزدور کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور ہمارے عظیم ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملے۔