حصول تعلیم کے لئے امریکا آنے والے پاکستانی طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، مسعود خان

واشنگٹن۔9اگست (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے امریکا کا دورہ کرنے والے 45پاکستانیوں پر مشتمل گروپ پر زور دیا ہے کہ وہ امریکی شہریوں کی زندگی کے ان پہلوؤں کا گہری نظر سے مشاہدہ کریں جنہوں نے اس ملک کو عالمی طاقت بنا دیا ہے۔ انہوں نے گلوبل انڈر گریجویٹ ایکسچینج پروگرام کے تحت امریکا کا دورہ کرنے والے طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ …

واشنگٹن۔9اگست (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے امریکا کا دورہ کرنے والے 45پاکستانیوں پر مشتمل گروپ پر زور دیا ہے کہ وہ امریکی شہریوں کی زندگی کے ان پہلوؤں کا گہری نظر سے مشاہدہ کریں جنہوں نے اس ملک کو عالمی طاقت بنا دیا ہے۔

انہوں نے گلوبل انڈر گریجویٹ ایکسچینج پروگرام کے تحت امریکا کا دورہ کرنے والے طلبہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ملک کو دنیا کی سپر پاور بنانے کا راز حاصل کریں، پاکستان کو سپر پاور بنانے کی بنیاد رکھیں اور اس بنیاد کے محافظ بنیں، اس مقصد کے لئے یونیورسٹیاں بہترین مقام ہیں۔ یہ پروگرام پاکستان کے نمایاں انڈرگریجویٹ طلبہ کو کمیونٹی سروس، پیشہ ورانہ اور ثقافتی ترقی کے ساتھ نان ڈگری فل ٹائم مطالعہ کے لیے ایک سمسٹر کی سکالرشپ فراہم کرتا ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ تعلیمی تعاون پاک امریکا تعلقات کا ایک بنیادی نقطہ ہے جو دونوں ممالک کے نوجوانوں کو جوڑتا ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ پاک یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک39 ہزار طلبہ تک پھیل چکا ہے۔ ہر سال تقریباً ایک ہزار طلبہ ، پیشہ ور افراد، ماہرین تعلیم، اعلیٰ تعلیم کے منتظمین، صحافی اور کاروباری افراد امریکا آتے ہیں، تعلیمی سال 22۔2021 کے دوران تقریباً 8 ہزار پاکستانی طلبا امریکا آئے اور یہ تعداداس سے قبل امریکا آنے والوں سے 17 فیصد زیادہ ہے۔

پاکستانی سفیر نے امریکی حکومت، محکمہ خارجہ اور دیگر محکموں کا پاکستان کے ساتھ تعلیمی تبادلے کے پروگراموں کے حوالے سے پختہ عزم پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبوں سے مستقبل کے قوم کے معماروں کے درمیان مضبوط نیٹ ورک قائم ہوتا ہے۔پاک امریکا تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کی گئی جن میں ماحولیاتی تبدیلی، توانائی، زراعت، تجارت، سرمایہ کاری، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، علاقائی سلامتی اور استحکام شامل ہیں۔.