لاہور۔9اگست (اے پی پی):چیف سلیکٹر انضمام الحق نے افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز اور ایشیا کپ کے لئے پاکستانی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق سعود شکیل کو افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے اٹھارہ رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے تاہم وہ ایشیا کپ کے سترہ رکنی سکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔قومی سلیکشن کمیٹی نے جس میں انضمام الحق کے علاوہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن شامل ہیں ، کپتان بابراعظم کے ساتھ مشاورت کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایشیا کپ کیلئے سترہ رکنی پاکستانی ٹیم میں اوپنرز عبداللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق،مڈل آرڈر، بابراعظم ( کپتان ) سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر جبکہ وکٹ کیپرز محمد رضوان اور محمد حارث شامل ہیں۔سپنرز میں شاداب خان ( نائب کپتان ) ،محمد نواز، اسامہ میر جبکہ آل رائونڈر میں فہیم اشرف اور فاسٹ باءولرز میں حارث رئوف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ افغانستان کے خلاف سیریز کے اٹھارہ رکنی سکواڈ میں اوپنرز عبداللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق، مڈل آرڈر میں بابراعظم ( کپتان ) سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر اور سعود شکیل جبکہ وکٹ کیپرز میں محمد رضوان اور محمد حارث شامل ہیں جبکہ سپنرز میں شاداب خان ( نائب کپتان ) ،محمد نواز، اسامہ میر۔پیس آل رائونڈر میں فہیم اشرف اور پیسرز میں حارث رئوف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق سلیکٹرز نے اس سال اپریل مئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے والے سکواڈ سے دو تبدیلیاں کی ہیں، طیب طاہر اور فہیم اشرف کو شان مسعود اور احسان اللہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سعود شکیل کو بھی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فہیم اشرف دو سال بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں ، فاسٹ بولنگ آل رائونڈر کی حیثیت سے ان کی موجودگی سے ٹیم میں مزید توازن ہوگا، وہ آخری بار جولائی 2021 ء میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے تھے جبکہ طیب طاہر کو دوسری مرتبہ ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، اس سے قبل انہیں اس سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
طیب طاہر پاکستان کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے۔انہوں نے حال ہی میں اے سی سی ایمرجنگ کپ میں انڈیا کے خلاف128رنز کی جیت میں سنچری کے ذریعے کلیدی کردار ادا کیا تھا جبکہ سعود شکیل پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے آخری بار مارچ 2022میں آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا تھا جس میں پاکستانی ٹیم نے348رنز کا ہدف عبور کرکے چھ وکٹوں سے سے کامیابی حاصل کی تھی،شان مسعود خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ سے اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ پائے ہیں جبکہ احسان اللہ پی سی بی کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں اپنی کہنی کے ری ہیب پروگرام میں مصروف ہیں۔
ترجمان کے مطابق پچاس اوورز پر مشتمل ایشیا کپ کا آعاز30اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے میچ سے ہوگا،یہ پہلا موقع ہے کہ 2008کے بعد پاکستان کسی ملٹی نیشنل ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ قذافی سٹیڈیم لاہور گروپ بی میں3ستمبرکو بنگلہ دیش اور افغانستان جبکہ 5ستمبر کو سری لنکا اور افغانستان کے میچ کی میزبانی کرے گا،
اس کے علاوہ 6 ستمبر کو اے ون اور بی ٹو کے درمیان سپر فور کا میچ بھی لاہور میں کھیلا جائے گا،ایشیا کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے گی جس کے دو میچ ہمبنٹوٹا میں 22اور24اگست کو کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل26 اگست کو کولمبو میں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں موجود کرکٹرز 17اگست کو سری لنکا روانہ ہونگے جو 14سے16 اگست تک قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں تین روزہ کیمپ میں حصہ لیں گے، لنکا پریمیئر لیگ اور ہنڈریڈ میں حصہ لینے والے کرکٹرز18اگست کو براہ راست سری لنکا میں ٹیم جوائن کریں گے۔