یوکرینی ڈرون حملے کے باعث ماسکو کی فضائی حدود بند، 47 طیاروں کو موڑ دیا گیا
یوکرینی ڈرون حملے کے باعث ماسکو کی فضائی حدود بند، 47 طیاروں کو موڑ دیا گیا

مزید خبریں
ماسکو۔21اگست (اے پی پی): روس کے دارالحکومت ماسکو میں پیر کو یوکرین کے ڈرون حملوں کے باعث 47 طیاروں کو قریبی شہروں کی طرف موڑ دیا گیا ، روسی حکام کے مطابق ماسکو کی طرف آنے والے تمام ڈرونز کو گرادیا گیا اورایک گرتے ہوئے ڈرون کے ٹکڑے لگنے سے کم از کم دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
روسی خبر رساں ادارے نے فیڈرل ایجنسی فار ایئر ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ ڈرون حملے کے باعث ماسکو کی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کئے جانے کے بعد پیر کی صبح 45 مسافر پروازوں اور 2کارگو پروازوں کو نزنی نوگورود، کازان اور سینٹ پیٹرسبرگ کے متبادل ہوائی اڈوں پر بھیجا گیا تاہم بعد ازاں ماسکو کی فضائی حدود کو کھول دیا گیا۔روسی وزارت دفاع کے مطابق ماسکو ریجن میں یوکرین کے دو ڈرونز میں سے ایک کو الیکٹرانک وارفیئر کے ذریعے بند کر دیا گیا جو ماسکو ریجن کے ضلع روزا میں گرا، جب کہ دوسرا ڈرون ماسکو ریجن کے علاقے میں مار گرایا گیا۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے کہا کہ فضائی دفاع کے دستوں نے دارالحکومت کی سمت پرواز کرنے والے ایک ڈرون کو مار گرایا ۔روسی وزارت دفاع نے قبل ازیں ماسکو ریجن کے ضلع روزا میں یوکرینی ڈرون کو جام کرنے کے ساتھ ساتھ ماسکو ریجن کے ضلع استرا کے علاقے میں ایک اور ڈرون کی تباہی کی اطلاع دی تھی۔اس خطے کے گورنر آندرے ووروبیوف نے بتایا کہ ماسکو کے علاقے میں مار گرائے جانے والے ڈرون کے ٹکڑے استرا کے میونسپل ڈسٹرکٹ میں کمیونٹی گارڈن پارٹنرشپ ڈوروزنیک میں ایک باغیچے میں گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے جن میں 56 سالہ مرد اور 77 سالہ خاتون شامل ہیں۔








