پاکستان اور کرغزستان کی باہمی تجارت اور تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو گا، تاجر رہنما مہر کاشف یونس

137
مہر کاشف یونس

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر اور کرغزستان ٹریڈ ہائوس کے چیئرمین مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ کرغزستان کے 32 ویں یوم آزادی سے دونوں ملکوں کی باہمی تجارت اور تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

منگل کو یہاں کرغزستان کے یوم آزادی کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اہم سنگ میل کرغزستان کی ترقی کے سفر کی علامت اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کا ثبوت ہے، گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان اور کرغزستان کے درمیان باہمی احترام اور مشترکہ اہداف پر مبنی مضبوط تعلقات استوار ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرغزستان ٹریڈ ہائو س کے چیئرمین کی حیثیت سے وہ دونوں طرف کے نجی شعبے کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے،پر امید ہیں کہ آنے والے دنوں میں تجارتی و ثقافتی تعلقات میں اضافہ اور دونوں ممالک کے درمیان مزید مضبوط تعاون دیکھنے کو ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری متحرک معیشتیں اور سٹریٹجک جغرافیائی پوزیشن مختلف شعبوں میں مضبوط شراکت داری قائم کرنے کے لیے سازگار ماحول اور مواقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تعاون کے ایسے راستے تلاش کرنے کے منتظر ہیں جن سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا، اقتصادی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے اور دوستی کے تاریخی بندھن مزید مضبوط ہوں گے۔