ٹی ڈی اے پی کا آگاہی سیمینار ، نئے کاروباری افراد کوسہولتات فراہم کرنے کے لیے پرعزم

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے زیر اہتمام کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ’’بزنس اسٹارٹ اپ اینڈ اِنیشل ڈاکیومنٹیشن اِن ایکسپورٹ پرسپیکٹوز‘‘ کے موضوع پر ایک جامع آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کاروباری شخصیات، نوجوان کاروباری افراد، اسٹارٹ اپس، طلبہ، ویمن بزنس کمیونٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

کوئٹہ۔ 29 جون (اے پی پی):ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے زیر اہتمام کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ’’بزنس اسٹارٹ اپ اینڈ اِنیشل ڈاکیومنٹیشن اِن ایکسپورٹ پرسپیکٹوز‘‘ کے موضوع پر ایک جامع آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کاروباری شخصیات، نوجوان کاروباری افراد، اسٹارٹ اپس، طلبہ، ویمن بزنس کمیونٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

سیمینار کا آغاز ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ریجنل آفس کوئٹہ کے ڈائریکٹر نور علی اچکزئی کے استقبالیہ کلمات سے ہوا، جنہوں نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے نوجوانوں اور خواتین کو کاروباری میدان میں آگے لانا ناگزیر ہے، اور ٹی ڈی اے پی نئے کاروباری افراد کو ہر ممکن رہنمائی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

بعد ازاں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ریجنل آفس کوئٹہ کے ایگزیکٹو آفیسر محمد شریف نے پریزنٹیشن دیتے ہوئے کاروبار کے آغاز، برآمدی شعبے میں دستیاب مواقع، ایکسپورٹ کے لیے درکار ابتدائی دستاویزات، رجسٹریشن کے مراحل، ریگولیٹری تقاضوں، بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی اور حکومتی معاونت کے مختلف پروگراموں پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ جدید کاروباری رجحانات سے ہم آہنگ ہو کر برآمدی شعبے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں تاکہ ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کے آگاہی پروگرام نئے کاروباری افراد، خصوصاً خواتین اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، برآمدی شعبے سے ان کی وابستگی بڑھانے اور خود روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کاروبار اور برآمدات سے متعلق مختلف سوالات کیے۔ شرکاء نے پروگرام کو نہایت معلوماتی، مفید اور بروقت قرار دیتے ہوئے ایسے پروگراموں کے تسلسل کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ سیمینار کے انتظامات اور کامیاب انعقاد کی ذمہ داری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، ریجنل آفس کوئٹہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف ابڑو نے انجام دی، جنہوں نے پروگرام کی مؤثر منصوبہ بندی اور انتظامات کو یقینی بنایا۔

 

مزید خبریں