پشاور میڈیکل کالج میں بیسک میڈیکل سائنسز کےپی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) میں میڈیکل اور ڈینٹل سائنسز میں پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کرنے والے فیکلٹی ممبران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تر جمان پشاور میڈیکل کالج کے مطابق اس موقع پر بیسک سائنسزکے شعبوں سے تعلق رکھنے والے ایک درجن سے زائد اسکالرز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد …

پشاور۔ 29 جون (اے پی پی):پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) میں میڈیکل اور ڈینٹل سائنسز میں پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کرنے والے فیکلٹی ممبران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تر جمان پشاور میڈیکل کالج کے مطابق اس موقع پر بیسک سائنسزکے شعبوں سے تعلق رکھنے والے ایک درجن سے زائد اسکالرز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد سے اپنی پی ایچ ڈی ڈگریاں مکمل کیں۔

اس کامیابی کے ساتھ پشاور میڈیکل کالج اور پشاور ڈینٹل کالج خیبر پختونخوا کے وہ واحد ادارے بن گئے ہیں جہاں بنیادی علوم کے تمام شعبوں میں پی ایچ ڈی ڈگری یافتہ تدریسی عملہ موجود ہے۔تقریب میں پرائم فاؤنڈیشن کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پشاور کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرظہور احمد سواتی، خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی ڈائریکٹر اکیڈمکس پروفیسر ڈاکٹر ظلِ ہما، پروفیسر ڈاکٹر عمر ملک، پشاور میڈیکل کالج کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن اور پشاور میڈیکل و ڈینٹل کالج کے بیسک سائنسز کے شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔

مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد سواتی نے ایک درجن سے زائد فیکلٹی ممبران کی جانب سے پی ایچ ڈی مکمل کرنے کو ادارے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی معیاری تعلیم، تحقیق کے فروغ اور فیکلٹی کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ادارے کے مسلسل عزم کی عکاس ہے۔خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر ظلِ ہما اور پروفیسر ڈاکٹر عمر ملک نے فارغ التحصیل اسکالرز کی ثابت قدمی اور محنت کو سراہا اور اس سلسلے میں ادارےکی معاونت کو خراجِ تحسین پیش کیا جس نے فیکلٹی ممبران کو اپنی ڈاکٹریٹ کی تعلیم کامیابی سے مکمل کرنے میں مدد فراہم کی۔

پروفیسر ڈاکٹر ظلِ ہما نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی مستقبل میں بھی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی فیکلٹی کو اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ ترقی کے حصول میں ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔پرائم فاؤنڈیشن کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق نے فیکلٹی ممبران کی لگن اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم اور خصوصاً پوسٹ گریجویٹ تعلیم ادارہ جاتی ترقی کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے بین الشعبہ جاتی تعاون، تحقیقی گرانٹس کے حصول اور دیگر تعلیمی اداروں کے ساتھ علمی اور تحقیقی روابط و اشتراک کی اہمیت پر بھی زور دیا۔تقریب کے اختتام پر پی ایچ ڈی گریجویٹس، ان کے سپروائزرز کو ان کی علمی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے۔ فیکلٹی ممبران نے ادارے کی انتظامیہ کی مسلسل سرپرستی، حوصلہ افزائی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پشاور میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے اپنی خدمات پہلے سے زیادہ مؤثر انداز میں جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں