اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے تجارت، صنعت و پیداوارڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ سینٹرل ایشیا کے ساتھ 50 بلین ڈالر کی تجارت کا سکوپ ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں جمہوریہ ازبکستان کے یوم آزادی کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ازبکستان کے عوام کو یوم آزادی پر دلی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال ازبکستان کے ساتھ ایک بلین ڈالر کی تجارت کے قابل ذکر حصول کا عہد کرتا ہوں، گزشتہ چار سالوں میں پاکستان اور ازبکستان نے اپنے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو بحال کرنے میں خاطر خواہ پیشرفت کی ہے جس میں تجارت 20-2019 میں 27 ملین ڈالر سے بڑھ کر 23۔2022 میں 126.05 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔
انہو ں نے کہا کہ انقلابی زرعی ترقی کے لئے ازبکستان کے راستے پر چلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجارت کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے پیغمبر اسلامؐ کی تعلیمات کا حوالہ دیا، حقیقی ترقی کے لئے ان کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے۔ ازبکستان کے سفیر نے وفاقی وزیر کے وژن اور کوششوں کا خیرمقدم کیا۔ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ازبکستان کے سفیر اور دیگر معززین کے ساتھ کیک بھی کاٹا۔