برازیل ،ریاست ریو گرینڈی ڈو سول میں سمندری طوفان کے باعث ہلاکتیں بڑھ کر 21 ہوگئیں

123
برازیل

برازیلیا۔6ستمبر (اے پی پی):برازیل کی جنوبی ریاست ریو گرینڈی ڈو سول میں سمندری طوفان کے باعث شدید بارش اور تیز ہوائیں چلنے سے مختلف واقعات میں اموات کی تعداد بڑھ کر 21 ہو گئی،

مزید سیلا ب کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے ریاست ریو گرینڈی ڈو سول کے گورنر ایڈورڈو لیٹی کی نیوز کانفرنس کے حوالے سے بتایا کہ ریاست میں گزشتہ روز سمندری طوفان کے باعث شدید بارش اور تیز ہوائیں چلیں جس کے باعث مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہوگئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کے باعث تقریباً 6ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ 24گھنٹے سے بھی کم عرصے میں 300ملی میٹرسے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اس دوران سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے ۔

میونسپیلٹی موکیوم کے تاکیواری دریا میں سیلابی صورتحال کے بعد شہر کا 85 فیصد سے زیادہ حصہ ڈوب گیا۔ میئر ماتئوس تروجان نے بتایا کہ اب بھی متعدد افراد لاپتہ ہیں جس سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔