بھارت،بنگلور ایئرپورٹ پر سامان کی تلاشی کے دوران 72 سانپ برآمد

112
سانپ

نئی دہلی۔8ستمبر (اے پی پی):بھارت کے شہر بنگلور کے ایئرپورٹ پر کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے 72 سانپ اور چھ بندروں کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

انڈو ایشین نیوز سروس کے مطابق کسٹمز کے افسر نے کہا ہے کہ سوٹ کیسز میں سے 78 جانور ملے ہیں جن میں سے 55 پائتھن سانپ جبکہ 17 کنگ کوبرا سانپ ہیں۔ یہ سانپ سامان میں زندہ پائے گئے اور حرکت کر رہے تھے ۔کسٹمز کے افسر نے مزید بتایا کہ سوٹ کیسز میں سے چھ بندر بھی مردہ حالت میں ملے ہیں۔حکام نے بتایا کہ زندہ سانپوں کو ان کے ممالک واپس بھیج دیا گیا ہے جبکہ مردہ بندروں کو تلف کردیا گیا ہے۔

جانوروں کو بنکاک سے سوٹ کیسز میں رکھ کر جہاز کے ذریعے بنگلور لایا گیا تھا۔جانوروں کی سمگلنگ سے متعلق ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ بنگلور ایئرپورٹ پر سوٹ کیسز سے جانوروں کی برآمدگی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل رواں سال جنوری میں بنکاک سے ہی آنے والے سامان میں سے 139 جانور قبضے میں لیے گئے تھے۔