آئی اے ای اے کے جوہری مقامات کے معائنے سے کوئی مسئلہ نہیں ،کچھ معائنہ کاروں پر اعتراض ہے، ایران

94
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی

نیویارک ۔21ستمبر (اے پی پی):ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ایٹمی تنصیبات کے معائنے سے کوئی مسئلہ نہیں صرف کچھ معائنہ کاروں پر اعتراض ہے۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے

کہا کہ ہمیں معائنے میں کوئی مسئلہ نہیں لیکن کچھ معائنہ کاروں پر اعتراض ہے، جہاں تک ان انسپکٹرز کا تعلق ہے جو قابل اعتماد ہیں وہ ایران میں اپنا کام جاری رکھ سکتے ہیں۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں ایران نے متعدد عالمی معائنہ کاروں کو ملکی جوہری تنصیبات کی معائنہ کاری سے ہٹادیا تھا۔ایرانی اقدام رواں ماہ کے شروع میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز میں امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی قیادت میں اس اقدام کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ایران سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ ایجنسی کے ساتھ فوری طور پر تعاون کرے۔

صدر رئیسی نے کہا کہ ایران کا یہ فیصلہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے مغربی ارکان کے بعض غیر منصفانہ بیانات کے جواب میں آیا ۔ یاد رہے کہ ایران کی طرف سے اٹھایا گیا قدم جسے انسپکٹرز کی "ڈی اپائنٹمنٹ” کے نام سے جانا جاتا ہے،جس میں رکن ممالک عام طور پر جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تحت اپنی جوہری تنصیبات کے بعض معائنہ کاروں کے دورے پر اعتراض کر سکتے ہیں۔