پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا، ٹی ٹی پی کے 3دہشت گرد جہنم واصل، آئی ایس پی آر

190
Successful operation
Successful operation

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور افغانستان کی بین الاقوامی سرحد پر صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے قریب دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو بہادری سے ناکام بناتے ہوئے پاک فوج کے 4جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران3دہشت گردوں کو بھی جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کے مطابق گزشتہ روز پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب میں سمبازہ کے قریب تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

شہید فوجیوں کی شناخت حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان اور سپاہی ندیم کے نام سے ہوئی جنہوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین دہشت گرد واصل جہنم ہو گئے اور چند زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں امن اور خوشحالی کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔