اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے زیر انتظام دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔ کانفرنس کے افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد تھے جبکہ کی نوٹ سپیکر وائس چانسلر علامہ اقبال یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) محمد جعفر، ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈئیر شہزاد منیر ،پرو ریکٹرز، ڈینز ، فیکلٹی ممبران اور طلباء کی کثیر تعداد بھی موجو دتھی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ قرآن ہمیں تعلیم کی تاکید کرتا ہے اور علم حاصل کرنا مرد و عورت پر فرض ہے ۔
انہوں نے کہا کہ انسان سازی اور انسانی سائیکالوجی قرآن کے مضامین میں سے ہیں، ہمیں مل جل کر رہنا سکھایا گیا ہے اور علم کے ذریعے سے اپنی پہچان اور مقام کے تعین کا درس دیا گیا ہے، آج کے دور کی ضرورت ہے جدید علوم سیکھیں اور علم اور انفارمیشن کے درمیان فرق کو سمجھیں تا کہ دنیا میں مقام پیدا کر سکیں ،قومی شاعر علامہ اقبال نے بھی اپنے اشعار سے ہمیں سمجھانے کی کوشش کی ہے۔
وائس چانسلر علامہ اقبال یونیورسٹی نے اپنے خطاب میں کانفرنس کے موضوع بارے تفصیل سے آگاہ کیا ۔ آخر میں ریکٹر نمل نے مہمان خصوصی اور تمام شرکا ء کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ کانفرنس کے دوران مفید اکیڈمک تبادلہ خیال ہو گا اور ٹھوس تجاویز سامنے آئیں گی۔ اس کانفرنس میں آن لائن شرکاء امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اورملائیشیا سے شرکت کریں گے۔