اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):سی ڈی اے کے زیر اہتمام اسلام آباد میں رہائشی و کمرشل پلاٹس کی نیلامی کا آغاز ہوگیا جو4 روز تک جاری رہے گی۔سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مذکورہ نیلامی میں سرمایہ کار بھرپور شرکت کررہے ہیں ۔
نیلامی کے پہلے دن آئی ایٹ مرکز میں واقع 666.67 مربع گز کا پلاٹ نمبر53F ایک ارب 42 لاکھ جبکہ دوسرا پلاٹ نمبر53Dایک ارب 9 کروڑ روپے میں نیلام ہوا۔سی ڈی اے کے زیر اہتمام نیلامی جناح کنونشن سنٹر میں جاری ہے جو20 اکتوبر 2023 تک جاری رہے گی۔ن
یلامی میں مختلف کٹیگریز کے رہائشی و کمرشل پلاٹس سرمایہ کاری کے لئے پیش کئے جائیں گے جن میں بلیو ایریا سمیت مختلف مراکز اور سیکٹر E-11 ناردرن سٹرپ کے پلاٹس شامل ہیں۔اس 4 روزہ نیلامی میں پارک انکلیو کمرشل، پیٹرول پمپس سمیت کلاس تھری شاپنگ سینٹر کے پلاٹس بھی نیلام کئے جائیں گے جبکہ نیلام عام میں ایگرو فارمز، اپارٹمنٹس اور انڈسٹری کے پلاٹ بھی نیلامی کے لئے پیش کئے جائیں گے۔
اس نیلامی میں فروٹ، ویجٹیبل اینڈ میٹ شاپس اور آئی الیون مارکیٹس کے پلاٹس بھی فروخت کئے جائیں گے۔پہلی مرتبہ ہاسٹلز کے لئے مختص پلاٹس بھی نیلامی کے لئے پیش کئے جائیں گے۔4 روزہ نیلامی میں رہائشی پلاٹس بھی نیلام کئے جائیں گے۔نیلامی کے عمل کی نگرانی کمیٹی کررہی ہے جس کی سربراہی ممبر اسٹیٹ کررہے ہیں۔