23.2 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںنگران وفاقی وزیر مدد علی سندھی کی فجر رابعہ پاشا کو "یونیسکو...

نگران وفاقی وزیر مدد علی سندھی کی فجر رابعہ پاشا کو "یونیسکو پرائز فار گرلز اینڈ ویمنز ایجوکیشن 2023” کا ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد

- Advertisement -

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے خواتین کی تعلیم کیلئے کام کرنے والی فجر رابعہ پاشا کو "یونیسکو پرائز فار گرلز اینڈ ویمنز ایجوکیشن 2023” کا ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمار ا فخر ہے جو پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کر رہی ہے۔ جمعہ کو اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز جی سیون میں یونیسکو ایوارڈ کی شیلڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر سیکرٹری وزارت تعلیم وسیم اجمل چوہدری بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے کہا کہ آج کی تقریب بہت خاص ہے کیونکہ آج ہماری ایک بہن فجر رابعہ پاشا نے پاکستان کی بیٹی ہونے کا اپنا فرض کامیابی سے نبھایا ہے، فجر رابعہ پاشا اور ان کی تنظیم "پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن” پیج کو چین میں خواتین کے لئے سکول قائم کرنے اور ان میں علم کے زیورات فراہم کرنے پر "یونیسکو پرائز فار گرلز اینڈ ویمنز ایجوکیشن 2023” سے نوازا گیا ہے، یہ اعزاز ہمارے برادر ہمسایہ ملک چین کی خاتون اول نے دیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بیٹی اور اس کے ادارے پر فخر ہے جس ادارے میں کام کرنے والے افراد اور وہاں پڑھنے والی لڑکیاں بھی شامل ہیں۔وفاقی وزیر نے وزارت کی قیادت کے کردار پر روشنی ڈالی اور افسران کی تعریف کی جنہوں نے غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور انتہائی قابلیت اور میرٹ کے ساتھ معاملے کا فیصلہ کرتے ہوئے پیج کو اس ایوارڈ کے لئے نامزد کیا۔

انہوں کہا کہ پیج پاکستان بھر میں 170 کے قریب غیر رسمی سکول چلا رہا ہے جہاں زیادہ تر لڑکیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں، ان تعلیمی منصوبوں میں افغان لڑکیاں بھی شامل ہیں، جاپان کی جائیکا اور دیگر خیراتی ادارے بھی ان منصوبوں کے لئے مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں، یہ منصوبے غربت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ خواتین کی بہبود اور پائیدار ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خواتین اس ملک کی آبادی کا نصف ہیں اور کوئی بھی ملک اپنی خواتین کو نظر انداز کئے بغیر اپنی صلاحیت کو مکمل طور پر حاصل نہیں کر سکتا۔ مدد علی سندھی نے اس بات کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کو پاکستان میں سیکھنے کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ کسی شعبے میں پیچھے نہ رہیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=413843

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں