
اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی ،اسلامی ممالک ومشرق وسطی و چيئرمين پاكستان علماء كونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کے مظالم کے خلاف ہر شعبےاور ہر مذہب کے افراد نے اپنی آواز بلند کی، او آئی سی کے متفقہ مطالبہ کے مطابق اسرائیلی جنگی جرائم پر ٹربیونل بنایا جائے جو اس کے جنگی جرائم کی تحقیقات کرے۔وہ پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر ، فلسطین اور پاکستان میں موجودہ حالات کو صورتحال کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
ملک کے جید علماء اور دیگر مکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے افراد نے کا نفرنس میں شرکت کی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نے کہا کہ ہم فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فلسطینی بھائی خیموں کی بجائے اپنے گھروں میں آباد ہوں ، غزہ کی صورتحال پر پوری پاکستانی قوم ایک ہے، چاہے مسلم ہوں یا غیر مسلم، سب ایک ہیں ۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ جو یہاں نفرت کے بیج بونا چاہتے ہیں وہ اسرائیل کے عزائم کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں، فلسطین میں کسی ایک مذہب نہیں بلکہ انسانیت پر ظلم جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا واضح موقف ہے کہ اسرائیل دہشت گرد، قابض اور ناجائز ریاست ہے ،پاکستان نے دو ریاستی حل پیش نہیں کیا بلکہ یہ حل 2002ء سعودی ولی عہد نے پیش کیا ،2004ء میں ملائیشیا اور 2006 میں اس پر تہران میں دو ریاستی حل پر او آئی سی نے اتفاق کیا ۔پاکستان کا واضح موقف ہے کہ ہم مسئلہ فلسطین کا وہ حل قبول کریں گے جو خود فلسطینیوں کو قبول ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے حالیہ دورہ امریکہ کے موقع پر کشمیر اور فلسطین کے عوام کی ترجمانی کی ۔کانفرنس کا اعلامیہ پیش کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے حوالے سپریم کورٹ کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ دسمبر کا مہینہ ہے، مسیحی برادری کرسمس کی خوشیاں منا رہی ہے، ہم مسیحی برادری کی جس حد تک ان کی خدمت کرسکے ، کریں گے،
یہ ہمارا فرض ہے ،میں ولادت حضرت عیسیٰ کی ولادت کی آمد پر مسلمانوں اور تمام مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،حضرت عیسیٰ ابن مریم کی آمد پر ہم سب خوش ہیں ،کرسمس کے موقع پر تمام اہل وطن اپنے مسیحی برادری کے لوگوں کا خیال رکھیں اور ان کے حقوق کا خیال رکھیں۔گزشتہ دنوں میں ریاستی اداروں پر دہشت گردی کی پر زور مذمت کی جاتی ہے۔پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں سے اپیل ہے کہ پاکستان کے قوانین کا احترام کریں اور بدامنی پھیلانے سے گریز کریں ۔ اعلامیہ میں کہاگیا کہ ڈالر سستا ہونے کی وجہ سے حج سستا ہوا جو کہ خوش آئند ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ 8فروری کو عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کر نے جارہے ہیں ،انتخابات کےنتیجہ میں قائم ہونے والی حکومت ملک میں خوشحالی لے کر آئے۔