فیصل آباد۔ 22 دسمبر (اے پی پی):کرسمس کی آمد کے حوالے سے مسیحی برادری کی سہولت کیلئے فیصل آباد میں لگائے جانیوالے 9سستے کرسمس بازاربھرپورطریقے سے فنکشنل ہیں جن سے کرسمس بازاروں میں رعایتی نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کی جارہی ہیں
نیزوزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام یہ کرسمس بازار فیصل آباد میں سینٹ انتھونی سکول ماڈل ٹاؤن،پینٹو گراؤنڈ مریم آباد وارث پورہ،کھرڑیانوالہ چوک جڑانوالہ روڈ،جڑانوالہ میں پرانا تانگہ سٹینڈ نزد فائر بریگیڈ آفس،چک جھمرہ میں واٹر ورکس روڈ،سمندری میں سہولت بازارگوجرہ روڈ اور تاندلیانوالہ میں کرسچن کالونی محلہ شمس آبادوغیرہ میں لگائے گئے ہیں جن میں گوشت،پولٹری،آٹا،چینی، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ کنٹرول نرخوں پر مسیحی برادری کی دہلیز پرفراہم کی جارہی ہیں تاکہ وہ بہتر انداز میں کرسمس کی خوشیاں مناسکیں۔
اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)،اسسٹنٹ کمشنرسٹی،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی و دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ ضلعی کوآرڈینیٹر مینارٹی افیئرز اور مسیحی برادری کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ کرسمس بازاروں کے کامیاب انعقاد کیلئے سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر جاری کرنے کے علاوہ تشہیر اور خیر سگالی کے جذبات کی تحریروں پر مشتمل بینرز آویزاں کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں کرسمس کی تقریبات کے پرامن اورخوشگوار ماحول میں انعقاد کیلئے بھرپور انداز میں حفاظتی وانتظامی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے گرجا گھروں کی فول پروف سیکورٹی،صفائی ستھرائی،سٹریٹ لائٹس اوردیگر ضروری معاملات کی احسن طریقے سے انجام دہی کویقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گرجا گھروں کے ارد گرد سیوریج سسٹم کی درستگی،سڑکوں کا پیچ ورک،پارکنگ کے مناسب اقدامات ودیگر امور کوبھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ مسیحی رہنماؤں کی طرف سے نشاندہی کئے جانے والے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور سابقہ تجربات کی روشنی میں کرسمس کے موقع پر بہتر انتظامات ہونگے۔
انہوں نے بتایا کہ کرسمس پر مسیحی فیملیز کیلئے فن لینڈ،فن دنیا اور سند باد میں ٹکٹوں پر خصوصی رعایت کے علاوہ پارکوں میں خصوصی انتظامات بھی کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کرسمس بازاروں سے متعلقہ شکایات کے فوری حل کیلئے ضلعی کنٹرول روم اور تحصیل سطح پر بھی کنٹرول رومز فنکشنل رہیں گے۔اس موقع پر مسیحی رہنماؤں نے کرسمس کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ اداکیا۔