آسٹریلوی وزیراعظم کاپاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام

سڈنی ۔1جنوری (اے پی پی):آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے پیر کے روز سڈنی میں پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔تقریب میں دونوں ٹیموں کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری اور آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے حکام بھی …

سڈنی ۔1جنوری (اے پی پی):آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے پیر کے روز سڈنی میں پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا۔تقریب میں دونوں ٹیموں کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری اور آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے حکام بھی موجود تھے۔ آسٹریلوی وزیراعظم نے دونوں ٹیموں کو خوش آمدید کہا ،

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے دورہ کے دوران اچھی کرکٹ کھیلی ہے ،خاص کر میلبورن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ان کی کارکردگی بہترین رہی۔ آسٹریلوی وزیراعظم نے دورہ کے دوران پاکستانی ٹیم کے مثالی رویے کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سڈنی ٹیسٹ میں بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹیم کو مدعو کرنے پر آسٹریلوی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ سیریز میں دونوں ٹیمیں مثبت کرکٹ کھیل رہی ہیں، ہمیں نہ صرف کھیلنے بلکہ اپنے طرز عمل کے ذریعے ملک کے سفیر کا کردار ادا کرنے کے مواقع بھی فراہم ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی ٹیم سڈنی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3جنوری بروزبدھ کے روز سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔