لاہور۔1جنوری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیر اعلی پنجاب حمز ہ شہباز نے ایک بار پھر دس سالہ معاشی منصوبے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کو تمام سیاسی جماعتیں آئینی تحفظ دیں تاکہ معاشی جڑیں مضبوط ہو سکیں ،ہم کبھی انتقام نہیں لیں گے ہم نے اپنے معاملات اللہ تعالی کی ذات پر چھوڑ دئیے ہیں،190ملین پائونڈز کا حساب دینا ابھی باقی ہے ، جو کرپشن ختم کرنے کا دعویدار تھا اس نے دونوں ہاتھوں سے ملک کا پیسہ اپنی جیبوں میں ڈالا ۔
حلقہ این اے 118میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ میں نے ہمیشہ ورکرز کو اپنا خاندان سمجھا ہے ، میں جب قائد حزب اختلاف تھا اورجب وزیر اعلی پنجاب بنا تو اس وقت بھی کہتا تھا عہدے آنے جانے ہوتے ہیں ،مجھے وزیر اعلی کی بجائے ورکر کہلوانے میں زیادہ فخر محسوس ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں 75سالہ تاریخ میں انتخابات کا انعقاد ہوتا آیا ہے لیکن 8فروری کو جو انتخابات ہونے جارہے ہیں اس کی اہمیت اس حوالے سے بہت زیادہ ہے
کہ اس نے ملک کی تقدیر کا فیصلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں دوست ملک چین نے 52ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ،جنوبی ایشیا میں سب سے پہلی موٹر وے پاکستان میں بنی جو نواز شریف نے بنائی ، اگرریکارڈ اٹھا کر دیکھو تو جب جب (ن) لیگ کا دور آیا یہاں پر موٹر ویز کے منصوبے آئے باقی ادوار دیکھیں ان میں ڈھونڈنے سے بھی کچھ نہیں ملتا۔