کیپ ٹائون۔3جنوری (اے پی پی):جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان کیپ ٹائون میں کھیلے جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز میزبان جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی، محمد سراج نے 15 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں بھارتی ٹیم نے پہلی اننگز میں 153 رنز بنا کر 98 رنز کی برتری حاصل کرلی، جنوبی افریقہ نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 62 رنز بنا لئے ہیں جبکہ ابھی اسے پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لئے مزید 36 رنز درکار ہیں۔
بدھ کے روز کیپ ٹائون میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم بھارتی فاسٹ بائولر محمد سراج کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت میزبان ٹیم صرف 55 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، کیل ویرینے 15 اور ڈیوڈ بیڈنگھم 12 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ان کے علاوہ کوئی بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا، محمد سراج نے 9 اوورز میں صرف 15 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، جسپریت بمرا اور مکیش کمار نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
جنوبی افریقہ کے پہلی اننگز کے سکور 55 رنز کے جواب میں بھارت نے اپنی اننگز کا آغاز قدرے بہتر انداز میں کیا اور 153 رنز پر آئوٹ ہوکر پہلی اننگز میں 98 رنز کی برتری حاصل کرلی، اوپنر یشاسوی جیسوال کے صفر پر آئوٹ ہونے کے بعد کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے سکور کو 72 تک پہنچا دیا۔ روہت شرما 39، شبمن گل 36 اور سٹار کرکٹر ویرات کوہلی 46 رنز بنا نمایاں بلے باز رہے۔ بھارت کے 153 کے مجموعی سکور پر 4 کھلاڑی آئوٹ تھے کہ جنوبی افریقی بائولرز نے تاریخ ساز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے باقی 6 بیٹرز کو سکور میں بغیر کوئی اضافہ کئے آئوٹ کردیا،
یہ ٹیسٹ کی تاریخ میں پہلا واقعہ ہے کہ کسی ٹیم کے 6 کھلاڑی ٹیم کے مجموعی رنز میں بغیر کوئی اضافہ کئے پویلین لوٹ گئے ہوں۔ جنوبی افریقی فاسٹ بائولرز کگیسو رابادا، لونگی نگیدی اور نیندرے برگر نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت کی پہلی اننگز 153 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں پہلے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 62 رنز بنا لئے ہیں جبکہ پہلی اننگز کے خسارے کو ختم کرنے کے لئے اسے مزید 36 رنز درکار ہیں۔ اوپنر ایڈن مارکرم 36 اور ڈیوڈ بیڈنگھم 7 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، بھارتی بائولر مکیش کمار نے دو اور جسپریت بمرا نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔