ہری پور۔ 8 جنوری (اے پی پی):یونیورسٹی آف ہری پور میں شعبہ نفسیات اور ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمنسٹریشن نے انسداد منشیات فورس خیبر پختونخوا کے تعاون سے ”نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام“ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا۔
سیمینار میں اے این ایف کے ڈپٹی ڈائریکٹر (ڈی ڈی آر) ملک واجد یوسف اور اے این ایف کے دیگر عہدیداران جبکہ یونیورسٹی آف ہری پور سے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عابد فرید، شعبہ نفسیات کے سربراہ ڈاکٹر محمد رضوان، چیف پراکٹر ڈاکٹر اعجاز شاہ، فیکلٹی، انتظامی عملہ اور طلباءکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ملک واجد یوسف نے منشیات کی لت اور اس سے بچائو کی حکمت عملیوں کے بارے میں ایک معلوماتی پریذنٹیشن پیش کی اور اس نازک مسئلہ پر طلباءکو آگاہی دینے میں یونیورسٹی کے فعال موقف کو سراہا۔ پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عابد فرید نے اپنے خطاب کے دوران منشیات کے استعمال کی بنیادی وجوہات پر روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر محمد رضوان نے اس بات پر زور دیا کہ ایک شخص کو منشیات کے استعمال سے بچانا پوری قوم کی حفاظت کے مترادف ہے۔ ملک واجد یوسف نے اے این ایف خیبر پختونخوا کی جانب سے سیمینار میں فعال طور پر حصہ لینے والے نمایاں طلباءکو اسناد پیش کیں اور سیمینار کے انعقاد میں اہم کردار ادا کرنے پر ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر محمد اقبال اور شعبہ نفسیات کے سربراہ ڈاکٹر ایم رضوان کو بھی تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹر عابد فرید نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ڈی آر ملک واجد یوسف کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔ سیمینار کا اختتام یونیورسٹی کے احاطہ میں منشیات کے استعمال سے نمٹنے کے طریقہ کار کے متحدہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔