اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمودنے 15جنوری سے سمسٹر بہار کے داخلوں کے حوالے سے طلبہ کی سہولت کے لئے ہدایات جاری کردیں۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کیمپسز کے سربراہان کوہدایت کی ہے کہ وہ گلگت بلتستان،ضم شدہ قبائلی اضلاع(سابقہ فاٹا)اوربلوچستان کے طلبہ کے لئے یونیورسٹی کی میٹرک کی مفت تعلیم کا پیغام گھر گھر پہنچائیں تاکہ اِن علاقوں میں آؤٹ آف سکول بچوں کو میٹرک کے پروگرام میں داخل کیا جاسکے۔
وائس چانسلر نے طلبہ کے قریب ترین مقامات پر میٹرک، ایف اے پروگراموں کے پراسپکٹس اور داخلہ فارم کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے ملک بھر میں یونین کونسل سطح پر پراسپکٹس سیل پوائنٹس قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔وائس چانسلر نے ایکشن پلان کے تحت علاقائی ہیڈز کو داخلوں کی تعداد میں اضافے کا ہدف بھی دیا ہے۔ گزشتہ سمسٹر میں بہتر نتائج دینے والے کیمپسز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
علاقائی دفاتر نے طلبہ کی معاونت و رہنمائی کے لئے کیمپسز میں سہولت مراکز اورملک بھر میں قائم سوئفٹ سینٹرز کو بھی الرٹ کردیا ہے۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کیمپسز کے سربراہان کو احکامات جاری کئے ہیں کہ سمسٹر بہار کے داخلوں کا پیغام ہر گھر تک پہنچنا چاہئے تاکہ داخلے کا خواہشمند ایک بھی فرد بے خبر نہ رہے اور وہ اس موقع سے فائدہ اٹھا کر تعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکے۔واضح رہے کہ یونیورسٹی کے سمسٹر بہار کے میٹرک، ایف اے، بی ایس(فیس ٹو فیس پروگرامز)، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے داخلے 15مارچ سے ملک بھر میں ایک ساتھ شروع ہورہے ہیں۔
دوسرے مرحلے کے داخلے یکم مارچ سے شروع ہوں گے جس میں ٹیچرز ٹریننگ پروگرامز، ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز اور بی ایس(او ڈی ایل پروگرامز)شامل ہوں گے۔پہلے مر حلے کے پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس 15جنوری سے یونیورسٹی کی ویب سائٹwww.aiou.edu.pkپر آن لائن دستیاب ہوں گے۔